تنظیم انصاف گریٹر حیدرآباد کا اجلاس ، سید عزیز پاشاہ کا خطاب
حیدرآباد۔31جولائی(سیاست نیوز)تنظیم انصاف گریٹر حیدرآباد کے ادھیکاری نگر یونٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سی پی آئی کے سینئر قائد و قومی صدر تنظیم سید عزیز پاشاہ نے طلاق ثلاثہ بل کی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میںمنظوری کو نام نہاد سکیولرجماعتوں کی بی جے پی کے ساتھ ملی بھگت کا بڑا ثبوت قراردیا۔انہوں نے کہاکہ ایوان میںبلند بانگ دعوئوں سے مسلمانوں کے حقوق کی حفاظت ممکن نہیںہے ۔ انہو ںنے کہاکہ جس متنازعہ بل کی ایوان پارلیمنٹ میںکھڑے ہوکر مخالفت کرنے کی ذمہ داری ریاست تلنگانہ کی برسراقتدار ٹی آر ایس پارٹی پرعائد ہوتی ہے مگر اس سے روگردانی کرتے ہوئے ٹی آر ایس نے بی جے پی سے اپنی حقیقی محبت کاثبوت پیش کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر ٹی آر ایس اور دیگر نام نہاد سکیولر جماعتیں ایوان میںموجود رہ کر بل کی مخالفت میںووٹ ڈالتے تو یقینا بل قانون کی شکل اختیار نہیںکرتا۔سابق رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا جناب سیدعزیز پاشاہ نے کہاکہ خواتین اور مسلم خواتین سے ہمدردی کا دم بھرنے والی مرکز کی بی جے پی حکومت کے قول او رفعل میںتضاد ہے ۔ انہو ںنے کہاکہ سارے ملک میںگجرات سرفہرست ریاست ہے جہاں پر شادی شدہ خواتین کے ساتھ سب سے زیادہ ناانصافی کی جارہی ہے۔ عزیز پاشاہ نے کہاکہ بے شمار خواتین گجرات میں شوہروں کی زیادتیوں کا شکار ہیں۔ مرکزاور ریاست گجرات کی بی جے پی حکومت کو چاہئے وہ مسلم خواتین کے ساتھ انصاف کے ساتھ ساتھ گجرات کی ان کی ہندو مائوں اوربہنوں کیلئے بھی انصاف کے اقدامات اٹھائے۔جناب سیدعزیز پاشا ہ نے ٹی آر ایس کو تنقیدکا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ٹی آ ر ایس پارٹی کا واک ائوٹ والا اقدام بی جے پی کی غیرمعلنہ تائید کے مترادف ہے۔