ٹی آر ایس اور تلگو دیشم نے ووٹنگ میںحصہ نہیں لیا
حیدرآباد۔30 ۔ جولائی (سیاست نیوز) وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے راجیہ سبھا میں طلاق ثلاثہ بل کی مخالفت کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ بل کے خلاف ووٹ دے گی۔ بل پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے وائی ایس آر کانگریس کے رکن وجئے سائی ریڈی نے کہا کہ طلاق ثلاثہ کو روکنے کیلئے اسے جرم قرار دینے کی کوشش افسوسناک ہے۔ انہوں نے مرکز سے مطالبہ کیا کہ وہ بل کا از سر نو جائزہ لیں اور اسے ضروری ترمیمات کے لئے سلیکٹ کمیٹی سے رجوع کریں۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی بل کی مخالفت کرتی ہے۔ واضح رہے کہ لوک سبھا میں بھی وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے طلاق ثلاثہ بل کی مخالفت کرتے ہوئے ووٹنگ میں خلاف ووٹ دیا تھا ۔ اسی دوران تلگو دیشم اور ٹی آر ایس کی جانب سے رائے دہی میں حصہ نہ لینے کی اطلاعات ملی ہیں۔ راجیہ سبھا میں ٹی آر ایس کے 6 اور تلگو دیشم کے 2 ارکان ہیں۔ بل کی مخالفت کے بعد ایوان سے واک آوٹ کرنے کی صورت میں برسر اقتدار پارٹی کو مدد ملے گی۔ انا ڈی ایم کے اور جنتا دل یونائٹیڈ نے بھی بل کی مخالفت کی لیکن ایوان سے واک آؤٹ کردیا۔ ان پارٹیوں کے ارکان کی تعداد علی الترتیب 11 اور 6 ہے۔