کوزی کوڈ 18 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کیرالا کے ضلع کوزی کوڈ میں بیوی کو تین طلاق دینے والے 35 سالہ شخص کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا گیا۔ اس سے پانچ دن قبل مطلقہ بیوی اپنے دو کمسن بچوں کے ساتھ شوہر کے گھر کے باہر بیٹھ کر احتجاجی دھرنا دی تھی۔ یہ واقعہ اُس وقت منظر عام پر آیا جب برقعہ پوش عورت ونیمل کے قریب گاؤں میں واقع گھر کے باہر دو کمسن بچوں کو لئے بیٹھی رہنے کی اطلاعات پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں گشت کرنے لگی تھیں۔ فاطمہ جویریہ اپنی حالت زار پر توجہ راغب کرنے کے لئے شوہر کے گھر کے باہر احتجاج کررہی تھی۔ اس نے دعویٰ کیاکہ شوہر نے طلاق دینے کے بعد دیگر دو عورتوں سے شادی کی ہے۔ 24 سالہ عورت کی شکایت پر ولائم پولیس نے اس کے شوہر اے کے سمیر کے خلاف مسلم خواتین (تحفظ حقوق ازدواج) قانون 2019 کی دفعات 3 اور 4 کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ 35 سالہ سمیر وانیمل کا ساکن ہے اور کسی خلیجی ملک میں کام کرتا ہے۔ اس کی شکایت کے مطابق سمیر نے 24 ستمبر کو طلاق ثلاثہ دی تھی۔