سورنا بھارت ٹرسٹ میں سابق نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو کا خطاب
شمس آباد ۔ 10 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : شمس آباد منڈل کے موضع مچنتل میں واقع سورنا بھارت ٹرسٹ میں سابق نائب صدر جمہوریہ ہند مسٹر ایم وینکیا نائیڈو نے مفت کورسیس کی تعلیم پانے والے طلباء سے خطاب میں کہا کہ انسان محنت کر کے ہی زندگی میں ترقی حاصل کرسکتا ہے ۔ آج کے طلباء ملک کے مستقبل ہیں انہیں اپنی زندگی میں تعلیم اور ہنر کے ساتھ آگے بڑھ کر کامیابی حاصل کرنی چاہئے ۔ عریب طبقہ ہمیشہ غریب نہیں رہے گا اگر اور محنت اور ہمت کے ساتھ کام کرکے اپنی زندگی کو بہتر بنائے ۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں تبدیل بھی لانے کی ضرورت ہے جس میں نوجوان اہم رول ادا کرسکتے ہیں ۔ بے روزگاری کے خاتمہ کیلئے حکومت کے اقدامات کے ساتھ نوجوان خود کا کاروبار بھی کرکے بیروزگاری کے خاتمہ کیلئے کام کرسکتے ہیں ۔ آج کا نوجوان فلموں سے متاثر ہو کر فلمی انداز میں زندگی گزارنے کی کوشش میں ہی ناکام ہورہا ہے ۔ فلم ہمارے تفریح کا ذریعہ ہے ۔ فلم اور زندگی میں کافی فرق ہے ۔ ہمیں بزرگوں کے راستہ پر چلنے کی ضرورت ہے ۔ والدین کے ساتھ بہتر سلوک کر کے ہم ان کے نقش قدم پر چلے تو زندگی میں کامیابی حاصل ہوگی ۔ تلگو ریاستوں میں منشیات کا اثر قصبوں اور دیہاتوں میں ہورہا ہے ۔ ہمیں اس لعنت سے دوری اختیار کرنے کی ضرورت ہے ۔ حکومت بھی منشیات کے خاتمہ کیلئے کام کررہی ہے اور ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم چوکنا رہ کر منشیات سے پاک ریاست بنانے میں حکومت کا ساتھ دیں ۔ منشیات اگر ہمارے اوپر حاوی ہوجائیں تو ہم ہماری تمام صلاحیت کھو دینگے ۔ انہوں نے ٹریننگ پانے والے طلباء کو مبارکباد پیش کی کہ وہ بہتر انداز میں ٹریننگ حاصل کررہے ہیں اور اس کے بعد وہ کسی کمپنی یا پھر خواتین اپنے گھروں سے ہی کام کر کے روزگار حاصل کریں گے ۔ اس موقع پر سورنا بھارت منیجنگ ٹرسٹی مسز دیپا وینکٹ حیدرآباد چیاپٹر انچارج ڈی وی این راؤ وغیرہ موجود تھے ۔۔