مکمل تحقیقات کرتے ہوئے کارروائی کرنے تحصیلدار کا تیقن
حیدرآباد۔/18 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ضلع نلگنڈہ کے شالی گودارم منڈل میں واقع ماڈل اسکول کے طلباء کی جانب سے خاتون اساتذہ کے ساتھ غیر شائستہ برتاؤ اور بدتمیزی و نازیبا سلوک کرنے پر اساتذہ کی جانب سے چھ طلباء کی سخت تنبیہ کرنے کا واقعہ پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ضلع نلگنڈہ ، شالی گودارم منڈل کے موضع وٹال کے ماڈل اسکول میں پیش آئے واقعہ میں بعض طلباء نے خاتون اساتذہ کے ساتھ بدتمیزی و نازیبا سلوک کیا۔ جس پر اساتذہ نے اپنی شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سخت تنبیہ کی۔ بتایا جاتا ہے کہ ماڈل اسکول میں جملہ 708 طلباء زیر تعلیم ہیں ان میں 500 طلباء اسکول سطح کے ہیں جبکہ 208 طلباء انٹر میڈیٹ میں زیر تعلیم ہیں اور اس ماڈل اسکول میں جملہ 8 خاتون ٹیچرس ہیں۔ اسی دوران دسویں جماعت میں زیر تعلیم چھ طلباء کی جانب سے خاتون اساتذہ کے ساتھ نازیبا سلوک کرنے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ جس کی روشنی میں اساتذہ نے گزشتہ دن خاتون ٹیچرس کے ساتھ غیر شائستہ برتاؤ کرنے والے چھ طلباء کو پرنسپال کے چیمبر میں طلب کرکے تحقیقات کی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ پرنسپال کے چیمبر میں پائے جانے والے سی سی کیمروں کو بند کرکے اساتذہ نے طلباء کو شدید مار پیٹ کے ذریعہ زدوکوب کیا۔ ایک طالب علم شدید زدوکوب کے باعث چلنے کے موقف میں نہیں تھا جسے فوری طور پر گورنمنٹ ہاسپٹل نکریکل میں بغرض علاج شریک کروایا گیا۔ اس واقعہ کی اطلاع پر طلباء کے والدین موضع کے عوام کے ساتھ ساتھ تمام طلباء نے اسکول پہنچ کر زبردست احتجاج شروع کیا۔ اس احتجاج کے باعث تحصیلدار شالی گودارم کو اطلاع دی گئی۔ اطلاع موصول ہونے کے ساتھ ہی تحصیلدار شالی گودارم مسٹر سرینواس ریڈی نے منڈل پریشد ڈیولپمنٹ آفیسر ( ایم پی ڈی او ) کے ہمراہ اسکول پہنچ گئے اور احتجاجیوں سے بات چیت کرکے انہیں سمجھانے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن احتجاجی افراد نے اساتذہ کے رویہ پر اپنی سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اساتذہ کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ تحصیلدار مسٹر سرینواس ریڈی نے طلباء کو مار پیٹ کے ذریعہ زدوکوب کرنے والے اساتذہ کے خلاف مکمل تحقیقات کرتے ہوئے مار پیٹ کے واقعہ میں ملوث پائے جانے والے اساتذہ کے خلاف کارروائی کرنے کے دیئے گئے واضح تیقن پر احتجاجی افراد، طلباء اور ان کے سرپرستوں نے اپنا احتجاج ختم کیا۔