طلباء کو منشیات سے دور رکھنے کیلئے سخت اقدامات کی ہدایت

   

پداپلی میں متعلقہ عہدیداران کا اجلاس ، ضلع کلکٹر ڈاکٹر سنگیتا ستیہ نارائنا کا خطاب

پداپلی۔27۔جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع میں طلباء کو منشیات کے استعمال سے روکنے کیلئے سخت اقدامات کرنے کی ضلع کلکٹر پداپلی ڈاکٹر سنگیتا ستیہ نارائنا نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی۔ ضلع کلکٹر نے ڈی سی پی ، سی ایچ رویش کے ہمراہ مربوط ضلع کلکٹریٹ میں اپنے چیمبر میں منشیات ، ڈرگس پر قابو پانے کیلئے امکانی اقدامات پر متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اس اجلاس میں ضلع کلکٹر ڈاکٹر ایس سنگیتا ستیہ نارائنا نے ضلع میں نشہ کے عادی کیسوں کی تفصیلات دریافت کیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ انہیں پتہ چلا ہے کہ ضلع میں منشیات اور گانجہ کی سپلائی کے لئے نابالغ طلباء کا استعمال کیا جارہا ہے۔ضلع میں منڈل واری سطح پر منشیات کے عادی نابالغ بچوں کی مکمل تفصیلات ہفتہ تک پیش کرنے کی ضلع کلکٹر نے ہدایت دی۔ منشیات کا استعمال کرنے والے بچوں کو بطورمتاثرین سمجھتے ہوئے انھیں ضروری مشاورت، کونسلنگ فراہم کی جائے اور اس کے لیے ضلع میں موجود ماہر نفسیات کی خدمات کو وسیع پیمانے پر استعمال کیا جائے۔ضلع کلکٹر نے واضح کیا کہ ضلع میں 18 سال سے کم عمر والے نوجوانوں کو سگریٹ فروخت کرنے، 21سال سے کم عمر کے نوجوانوں کو تمباکو فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ ضلع میں شراب کی دکانوں اور پان کی دوکانوں کی اچانک تنقیح کرنے کی ضلع کلکٹر نے ہدایت دی۔ ضلع کے تعلیمی اداروں میں طلبہ کی عادات کا جائزہ لینے اور منشیات کے استعمال سے ہونے والے نقصانات کی وضاحت کرنے کی ضلع کلکٹر نے ہدایت دی۔ ضلع کے اقامتی اسکولوں اور سرکاری اسکولوں میں سی سی کیمروں کی تفصیلات پیش کرنے کی ضلع کلکٹر نے ہدایت دی۔ انھوں نے واضح کیا کہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں کہ ضلع میں 500 سے زائد میڈیکل شاپس پر ایچ ادویات کی فروخت ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے ہی کی جائے۔ محکمہ پولیس کی شراکت سے ضلع میں ضروری مقامات پر بیداری پروگرام منعقد کیے جائیں۔منشیات کنٹرول ایکٹ اور جووینائل ایکٹ کے بارے میں بیداری پیدا کی جائے۔اس اجلاس میں ڈسٹرکٹ ویلفیر آفیسر رؤف خان، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مادھوی، ضلع محکمہ آبکاری ڈی پی۔ ای. اے آر مہیپال ریڈی،زیڈ پی ڈپٹی سی ای اوجی وینکٹا چیتنیا، ڈرگ انسپکٹر ٹی، چندنا، نفسیاتی ڈاکٹر ساتوک میتری،مختلف محکموں کے متعلقہ افسران و دیگر نے شرکت کی۔