طلبہ اور نوجوانوں کو اپوزیشن کے بہکاوے میں نہ آنے پونم پربھاکر کی اپیل

   

ملازمتوں میں تاخیر بی آرایس کی سازش، حیدرآباد کی ترقی کیلئے کشن ریڈی نے کچھ نہیں کیا
حیدرآباد ۔ 11۔ جولائی (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے الزام عائد کیا کہ حیدرآباد کی ترقی کو مرکزی وزیر کی حیثیت سے نظر انداز کرنے والے کشن ریڈی حکومت کے خلاف بے بنیاد الزام تراشی کر رہے ہیں۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے برہمی کا اظہار کیا کہ کشن ریڈی حیدرآباد کے برانڈ امیج کو متاثر کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔ حیدرآباد کی ترقی پر سوال کرنے والے کشن ریڈی کو بتانا چاہئے کہ گزشتہ 10 برسوں میں مرکزی وزیر کی حیثیت سے حیدرآباد کی ترقی کے لئے کس قدر فنڈس ریاست کو منتقل کیا ہے۔ مرکزی حکومت سے فنڈس کی اجرائی میں ناکام کشن ریڈی کو حکومت پر تنقید کا کوئی حق نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور بی آر ایس نے حیدرآباد کو نظر انداز کردیا تھا ۔ کشن ریڈی کے مرکزی وزیر بننے کے بعد پونم پربھاکر نے حیدرآباد کے انچارج وزیر کی حیثیت سے ملاقات کرتے ہوئے مرکز سے فنڈس کا انتظام کرنے کی درخواست کی تھی۔ سابق بی آر ایس حکومت نے حیدرآباد کی ترقی کیلئے مرکز سے فنڈس حاصل کرنے پر توجہ نہیں دی ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کی پسماندگی کیلئے کے ٹی آر ذمہ دار ہے جو 10 سال تک بلدی نظم و نسق کے وزیر رہے۔ کے سی آر اور کے ٹی آر پر نوجوانوں کو روزگار سے محروم کرنے کی سازش کا الزام عائد کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ حکومت عنقریب جاب کیلنڈر جاری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تقررات کے امتحانات کے خلاف نوجوانوں کو احتجاج کے لئے اکسانے میں بی آر ایس اور بی جے پی کا ہاتھ ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ نوجوان ملازمتوں سے محروم رہے۔ پونم پربھاکر نے بیروزگار نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپوزیشن پارٹیوں کے بہکاوے میں نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے قائد کی حیثیت سے وہ طلبہ اور نوجوانوں کے جائز مطالبات کے لئے چیف منسٹر سے نمائندگی کریں گے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ ریونت ریڈی حکومت نے حیدرآباد کی ترقی کیلئے جامع منصوبہ تیار کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حیدرآباد ایک تاریخی شہر ہے جہاں کئی تاریخی عمارتیں موجود ہیں۔ حیدرآباد کو ترقی دیتے ہوئے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بارش کی صورت میں عوام کو دشواریوں سے بچانے کیلئے منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ 1