سماجی تبدیلی کے رہنما بنیں، سدی پیٹ میں کاویری یونیورسٹی کا گورنر تلنگانہ کا دورہ
سدی پیٹ۔ 24 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ کے گورنر جناب جِشنو دیو ورما نے ضلع سِدّی پیٹ کے ورگَل منڈل میں واقع کاویری یونیورسٹی اور کاویری سیڈ کمپنی کا دورہ کیا۔جمعہ کے روز تلنگانہ ریاست کے گورنر جناب وِشنو دیو ورما ورگَل منڈل میں موجود کاویری یونیورسٹی اور کاویری سیڈ کمپنی کے دورے پر پہنچے تو ضلع کلکٹر محترمہ کے۔ ہَیمَاوَتی اور پولیس کمشنر جناب وجے کمار نے انہیں گلدستہ پیش کرکے پرتپاک استقبال کیا۔ان دونوں اداروں نے اپنے اپنے میدان میں غیر معمولی ترقی، کامیابیاں، تحقیق اور ترقی (R&D) کے شعبوں میں جو کارہائے نمایاں انجام دیے ہیں، ان کا جائزہ گورنر نے یونیورسٹی کے چانسلر جناب جی۔ وی۔ بھاسکر راؤ اور وائس چانسلر ڈاکٹر وی۔ پروین راؤ کی موجودگی میں لیا۔ اس موقع پر انہوں نے یونیورسٹی کے طلبہ، اساتذہ اور محققین سے بھی ملاقات کی۔گورنر نے اس موقع پر طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ سماجی تبدیلی کے رہنما بنیں، اپنے علم کو استعمال کرتے ہوئے زرعی پیداوار، ٹیکنالوجی اور تحقیقی میدانوں میں بہتری لائیں۔ انہوں نے ریاستی حکومت کی جانب سے تعلیم کے میدان میں اٹھائے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔پروگرام کے دوران انہوں نے سب سے پہلے کاویری یونیورسٹی کا دورہ کرتے ہوئے یونیورسٹی کے پروفائل کا جائزہ لیا۔ اس کے بعد انہوں نے کیڑے مکوڑوں کی تحقیق (Entomology)، پیتھالوجی، مٹی کی سائنس، بریڈنگ، اور فزیالوجی کی لیبارٹریز کا معائنہ کیا۔ طلبہ کی جانب سے تیار کردہ نمائش میں انہوں نے ڈرون ٹیکنالوجی، روبوٹک ٹیکنالوجی، 3D پرنٹنگ، AR & VR ماڈلز اور زرعی اختراعات کا مشاہدہ کیا۔بعد ازاں گورنر نے ورمی کمپوسٹ پروگرام کا معائنہ کیا اور نئے قائم کردہ انٹیگریٹڈ ریسرچ سینٹر کا افتتاح کیا۔اس موقع پر گجویل آر۔ڈی۔او محترمہ وی۔ چندرکلا، ورگَل تحصیلدار رَغویرا ریڈی، اے۔سی۔پی نرسمولو، سی۔آئی مہندر ریڈی، کاویری یونیورسٹی کے رجسٹرار بی۔ سریدھار، اسٹوڈنٹ ویلفیئر ڈائریکٹر ہرش پولسامی، ڈین آف ایگریکلچر اے۔ پرتاپ کمار ریڈی، ڈین آف انجینئرنگ ڈاکٹر کونڈا سرینواس، پروفیسرز، سائنس داں اور طلبہ بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔