طلبہ زیادہ وقت پڑھائی پر صرف کریں: عامر علی خاں

   

سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ کا ایس ایس سی کامیاب طلبہ کیلئے پروگرام کا انعقاد
حیدرآباد۔/16 مئی، ( سیاست نیوز) محنت‘ محنت اور محنت ہی انسان کو زندگی کے ہر شعبہ میں کامیاب بناتی ہے چنانچہ تعلیمی میدان میں بھی آپ کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو پھر پوری دلجوئی اور دلچسپی کے ساتھ پڑھائی کیجئے، موبائیل فونس اور ان کے گیمس پر زیادہ وقت برباد کرنے کی بجائے پڑھائی میں دلچسپی لیں گے تو سمجھئے کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔ نیوز ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب عامر علی خاں نے یہ زرین مشورے ایس ایس سی کامیاب طلباو طالبات کو دیئے۔ سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے ایس ایس سی کامیاب طلبہ کیلئے ’ایس ایس کے بعد کیا کریں‘ کے زیر عنوان خصوصی پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں تعلیمی و آئی ٹی شعبہ سے وابستہ تین ماہرین محترمہ روبینہ ماجد، جناب فاروق طاہر اور شیخ عبدالرحمن نے طلبہ کو بتایا کہ دسویں جماعت کے بعد ایم بی بی ایس، بی پی سی، سی ای سی کے ساتھ دیگر کونسے کورسیس میں داخلے لینے چاہیئے ان ماہرین نے بطور خاص طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ ایسے کورسیس کا انتخاب کریں جو فن کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اِسکل ڈیولپمنٹ پر خصوصی توجہ دیں تاکہ سیکھئے اور کمائی کیجئے کے اُصول کو بھی اپنایا جائے۔ محترمہ مروت حسین پرنسپل اسکول بارہ گلی حسینی علم نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ پیشہ تدریس کو اپنائیں، اس ضمن میں انہوں نے ٹیچر بننے کے خواہاں طلباء و طالبات کو تربیت دینے کی پیشکش بھی کی۔ سید عبدالستار کی قر￿ت کلام پاک سے آغاز ہوا۔ جناب رضوان حیدر ٹرسٹی فیض عام ٹرسٹ نے خیرمقدم کیا اور بتایا کہ اس بار فیض عام ٹرسٹ کے اسپانسر کردہ 78 طلباء و طالبات نے ایس ایس سی میں کامیابی حاصل کی۔ سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین نے پروگرام کی نگرانی کی۔ سارا آڈیٹوریم طلبہ و اولیائے طلبہ سے بھرچکا تھا۔ محمد ریاض احمد نے کارروائی چلائی۔ جناب علی حیدر عامر، جناب حیدر علی، محترمہ شہناز، جناب حامد این آر آئی، جناب عبدالماجد اور جناب اطہر علی اسد این آر آئی اور فیض عام کی ساری ٹیم موجود تھی۔