سہارن پور،12دسمبر(سیاست ڈاٹ کام)دنیا میں مشہور اسلامی تعلیم کا ادارہ دارالعلوم دیوبند کے وائس چانسلر مفتی ابوالقاسم نعمانی نے مدرسے کے طلبہ کے ذریعہ چہارشنبہ کو شہریت ترمیمی بل کے خلاف احتجاج میں نکل کر ہنگامہ کرنے ،دھرنا دینے اور قومی شاہراہ پر جام لگانے جیسی حرکتوں کی سخت مذمت کی ہے ۔مفتی ابوالقام نعمانی نے جمعرات کو جاری بیان میں کہا کہ شہریت قانون بنائے جانے کا مدرسے کے طلبہ نے اس طرح سے احتجاج کیا ہے ،یہ کسی بھی طرح سے جائز نہیں ہے اور دارالعلوم کی روایت کبھی اس طرح کی نہیں رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ طلبہ کی اس حرکت کے لئے دارالعلوم اور انتظامیہ ذمہ دار نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے انہیں ایسا کرنے کے لئے کبھی نہیں کہا۔ہزاروں طلبہ کے چہارشنبہ کی شام جمع ہوکر شہر کی سڑکوں پر نکلنے اور بازاروں میں چہل قدمی کرنے سے نظام امن میں خلل پڑا اور پہلے سے اعلان شدہ سی آر پی سی کی دفعہ 144 کی خلاف ورزی ہوئی۔
