طلبہ میں احساس کمتری کو دور کرنا اور خوداعتمادی پیدا کرنا اچھے استاد کی پہچان

   

سی ای ڈی ایم سے ایڈسیٹ آن لائن کوچنگ کا افتتاح، ڈائرکٹر پروفیسر ایس اے شکور کا خطاب

حیدرآباد ۔ 24 جولائی (پریس نوٹ) ایک اچھا استاد طلباء کی زندگی میں انقلاب برپا کرسکتا ہے اور اپنے شاگردوں کو عصرحاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے اور مسابقت میں سب سے آگے رہنے کے قابل بنا سکتا ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم عثمانیہ یونیورسٹی نے کہا کہ طلباء میں احساس کمتری کو دور کرنا، ان میں خوداعتمادی پیدا کرنا اور ان کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانا ایک اچھے استاد کی پہچان ہے۔ محکمہ اقلیتی بہبود، حکومت تلنگانہ کے زیرسرپرستی مرکز تعلیمی ترقی برائے اقلیتی طبقات سی ای ڈی ایم جامعہ عثمانیہ کی جانب سے معیار تعلیم کو بہتر بنانے اور حصول داخلہ اور حصول ملازمت کے مختلف مسابقتی امتحانات کیلئے انہیں تیار کرنے کے مختلف منصوبوں پر عمل آوری کی جارہی ہے جس کے خاطرخواہ نتائج برآمد ہورہے ہیں اور پہلے کی بہ نسبت زیادہ تعداد میں اقلیتی امیدوار تعلیم اور ملازمت کے مسابقتی امتحانات میں شریک ہورہے ہیں جن میں لڑکیوں کی قابل لحاظ تعداد شامل ہے اور یہ مثبت تبدیلی ایک درخشاں مستقبل کی آئینہ دار ہے۔ سی ای ڈی ایم کی جانب سے دی جانے والی معیاری کوچنگ اور مطالعاتی مواد نے امیدواروں کا حوصلہ بڑھانے میں اہم کردار نبھایا ہے اور آج بھی اس سنٹر کی کوچنگ اور مطالعاتی مواد کی مانگ ہے۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم عثمانیہ یونیورسٹی نے نظام کالج ایڈسیٹ آن لائن فری کوچنگ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سی ای ڈی ایم کی جانب سے اقلیتی امیدواروں کیلئے ایڈسیٹ ۔ 2021ء کیلئے 20 اگست تک اردو اور انگلش میڈیم آن لائن مفت کوچنگ دی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ فی الحال آئی سیٹ اور ایمسیٹ کی بھی آن لائن کوچنگ بھی دی جارہی ہے۔ شیخ چاند ساجد سینئر پروجکٹ آفیسر نے کہا کہ امیدوار نظم و ضبط اور پابندی وقت کے ساتھ کوچنگ سے استفادہ کرتے ہوئے بہتر رینک حاصل کرنے کی کوشش کریں تاکہ اچھے کالج میں داخلہ مل سکے۔ ایسے اقلیتی امیدوار جو ٹی ایس ایڈسیٹ۔ 2021 کیلئے رجسٹریشن کراچکے ہوں، حکومت کی طرف سے فراہم کردہ مفت کوچنگ سے استفادہ کیلئے اپنے نام ویب سائیٹ tscedm.com پر رجسٹر کروائیں۔ شیخ کریم النساء پروجکٹ اسوسی ایٹ نے شکریہ ادا کیا۔