طلبہ نے بنگلہ دیش کو بچایا ، عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر یونس ڈھاکہ پہنچنے پر آبدیدہ

   

ڈھاکہ : بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر محمد یونس ڈھاکا پہنچ گئے۔ڈھاکہ پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد یونس آبدیدہ ہو گئے اور کہا کہ طلبا نے بنگلہ دیش کو بچایا ہے، اب ہم نے ملک میں امن اور استحکام کیلئے کام کرنا ہے۔ڈاکٹر محمد یونس کا کہنا تھا ہمیں اب اس آزادی کی حفاظت کرنی ہے، وطن واپس پہنچ کر خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ان کا کہنا تھا سازش کے تحت بنگلا دیش میں اقلیتوں پر حملے کیے گئے، بنگلادیش کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے، ہم سب ملکر بنگلا دیش کو مالی مشکلات سے نکالیں گے۔یاد رہے کہ چند روز قبل بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد طلبا کے احتجاج کے باعث شدید دباؤ کے پیش نظر استعفیٰ دیکر ملک سے فرار ہو کر بھارت چلی گئی تھیں۔شیخ حسینہ واجد کے ملک سے فرار ہونے کے بعد ملک کے فوجی سربراہ نے بنگلا دیش کی کمان سبنھالی اور ایک عبوری حکومت قائم کرنے کا اعلان کیا جس کا سربراہ نوبیل امن انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس کو مقرر کیا گیا تھا۔آرمی چیف جنرل وکیل الزمان کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا عبوری حکومت 15ارکان پر مشتمل ہو گی، تاہم اس بات کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔