نظام آباد۔ 25 مارچ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حکومت کے مشیر پی سدرشن ریڈی نے طلبہ و نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ روزگار اور خود روزگاری کے بہتر مواقع فراہم کرنے والے پولی ٹیکنک کالجس سے بھرپور استفادہ کریں۔ پی سدرشن ریڈی آج ضلع کلکٹر ایلا ترپاٹھی کے ہمراہ نو ی پیٹ کے گورنمنٹ پولی ٹیکنک کالج کا دورہ کرتے ہوئے وہاں دستیاب سہولیات، تدریسی و غیر تدریسی عملہ کے بارے میں معلومات حاصل کی اور کہا کہ نوجوانوں کو فوری روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے مقصد سے ضلع میں بڑی تعداد میں پولی ٹیکنک کالجس قائم کئے گئے ہیں، تاہم داخلوں کی شرح اطمینان بخش نہیں ہے جس کے پیش نظر عوام میں بیداری پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چار برسوں کے دوران پولی ٹیکنک کورس مکمل کرنے والے کئی نوجوانوں کو روزگار حاصل ہوئے ہیں جبکہ نوپیٹ کالج میں اس وقت سیول اور میکانیکل شعبہ جات جاری ہیں اور آئندہ تعلیمی سال سے روبوٹکس اور کمپیوٹر سائنس کورسس بھی متعارف کرائے جائیں گے۔بعد ازاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے پی سدرشن ریڈی نے کہا کہ گرمیوں کے موسم میں ضلع میں پانی کی قلت نہ ہونے دینے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور عوام کو ضرورت کے مطابق صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بلدیات اور دیہی اداروں کو بروقت ٹیکس ادا کرتے ہوئے بنیادی سہولیات کی بہتری میں تعاون کریں۔ اس موقع پر ریاستی اردو اکیڈمی چیئرمین طاہر بن حمدان، زرعی کمیشن رکن گڈگو گنگا دھر، اسٹیٹ کوآپریٹو یونین چیئرمین مانالا موہن ریڈی، آر ڈی او راجندر کمار اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔