دی اسٹار اسکول کی سالانہ تقریب ، ماہرین تعلیم کا خطاب
حیدرآباد ۔ 13 ۔ فروری : ( راست ) : دی اسٹار اسکول کی جانب سے باوقار این ٹی آر آڈیٹوریم ، پی ایس آر تلگو یونیورسٹی ، للتھا کلا کشیترم ، پبلک گارڈن میں سالانہ تقریب منعقد ہوئی ۔ یہ یادگار تقریب دلکش تھیم ’ اقدار کی جڑیں ، عظمت کے پر ‘ کے تحت منعقد ہوئی جس نے حاضرین کو مسحور کردیا ۔ مہمان خصوصی ماہر تعلیم مصنفہ اور آزاد تعلیمی مشیر محترمہ شیلا راما کرشنن تھیں ۔ اپنے خطاب میں انہوں نے اسکول کی اس کاوش کو سراہا کہ ادارہ طلبہ کو تعلیمی کامیابی کے ساتھ مضبوط اخلاقی اقدار بھی فراہم کررہا ہے انہوں نے طلبہ کو بڑے خواب دیکھنے ، نظم و ضبط اپنانے اور ذمہ دار شہری بننے کی تلقین کی ۔ اس موقع پر اراکین انتظامیہ اور شخصیات جن میں جناب افتخار حسین ، جناب رضوان حیدر ، جناب نبیل حسین ، محترمہ نجیبہ حیدر ، محترمہ سمین شوکت ، ڈاکٹر شوکت علی مرزا ، محترمہ شیلا راہیجا اور محترمہ شائنا حسین شامل تھے ۔ تقریب کا انعقاد پرنسپل محترمہ آسیہ بیگم کی قیادت اور اساتذہ کی محنت سے کیا گیا ۔ پروگرام میں تھیم کو اس خوبصورتی سے پیش کیا گیا کہ اقدار اور اعلیٰ کارکردگی تقریب کا مرکزی پیغام بن کر سامنے آئے ۔ طلبہ نے مختلف ثقافتی پروگرام پیش کئے جن میں رقص ، مترنم موسیقی ، ڈرامائی خاکے اور معاشرتی و اخلاقی پیغامات شامل تھیں ۔ تقریب کا گرانڈ فائنل عملے کی جانب سے پیش کیا گیا ایک شاندار الیوڑن ڈانس ، شام کا سب سے بڑا اور خوشگوار سرپرائز ثابت ہوا۔ انتظامیہ نے تمام والدین اور خیر خواہوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ کامیابی طلبہ اور اساتذہ کی اجتماعی کاوشوں ، خلوص اور محنت کا نتیجہ ہے جس نے اس شام کو ایک ناقابل فراموش یادگار بنادیا ۔۔