طلبہ کو تعلیم کے ساتھ اسکل ڈیولپمنٹ میں ٹریننگ ضروری

   

مختلف اداروں کے اشتراک سے منصوبہ بندی، نائب صدرنشین پلاننگ بورڈ ونود کمار کا اجلاس
حیدرآباد ۔4۔ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں اسکل ڈیولپمنٹ میں پروگراموں کو مستحکم کرنے کیلئے کونسل فار ہائیر ایجوکیشن میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ نائب صدر نشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے صدارت کی۔ صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ کونسل آف ہائیر ایجوکیشن پروفیسر ٹی پاپی ریڈی ، نائب صدرنشین پروفیسر وی وینکٹ رمنا ، سکریٹری ڈاکٹر این سرینواس راؤ اور ادارہ TASK کے چیف اگزیکیٹیو آفیسر سریکانت سنہا نے شرکت کی۔ ایمپلائیمنٹ جنریشن اینڈ مارکیٹنگ مشن ، محکمہ رورل ڈیولپمنٹ اور نیشنل اسکل ڈیولپمنٹ کارپوریشن نئی دہلی کے نمائندوں نے حصہ لیا۔ بی ونود کمار نے تلنگانہ میں اسکل ڈیولپمنٹ کی ترقی سے متعلق اعداد و شمار پیش کئے اور کہا کہ گزشتہ چار دہوں کے دوران اس شعبہ پر کوئی خاص توجہ نہیں دی گئی ۔ سابقہ حکومتوں نے اسکل ڈیولپمنٹ کے لئے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھائے۔ برخلاف اس کے تلنگانہ حکومت دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں مہارت پیدا کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ کالجس میں تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبہ کو اسکل ڈیولپمنٹ پروگراموں سے وابستہ کیا جائے اور مختلف کورسس تیار کئے جائیں۔ ونود کمار نے کونسل آف ہائیر ایجوکیشن اور دیگر اداروں کو مشورہ دیا کہ وہ اس سلسلہ میں اسٹڈی کا اہتمام کریں۔ مدھیہ پردیش ، اڈیشہ ، دہلی اور راجستھان کے اداروں سے اشتراک کیا جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ آئی ٹی ای ایس سنگاپور نے اسکل ٹاورس کے قیام کے سلسلہ میں مختلف ریاستوں سے تعاون کیا ہے ۔ اسکل ڈیولپمنٹ کے ذریعہ نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کئے جاسکتے ہیں ۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ سنگا پور کی یونیورسٹیز کا دورہ کرتے ہوئے 2020 ء میں تلنگانہ میں اسکل 2020 کا اہتمام کیا جائے ۔ پروفیسر ٹی پاپی ریڈی نے طلبہ کیلئے انٹرن شپ پروگرام متعارف کرنے کی تجویز پیش کی ۔ سریکانت سنہا نے ادارہ TASK کی سرگرمیوں سے واقف کرایا اور کہا کہ طلبہ کو بہتر ٹریننگ کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع ڈیفنس ، ہاسپٹالیٹی اور دیگر شعبوں میں حاصل ہورہے ہیں ۔ پروفیسر وینکٹ رمنا نے اظہار تشکر کیا۔