طلبہ کو سوشل میڈیا کے بجائے تعلیم اور کھیل پر توجہ دینے کا مشورہ

   

اتھلیٹکس ٹورنمنٹ کا سدی پیٹ میں افتتاح، سابق وزیر ہریش رائو کا خطاب

حیدرآباد۔ 8 اگست (سیاست نیوز) سابق وزیر آبپاشی ہریش رائو نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ تعلیم اور کھیل کود میں زیادہ دلچسپی لیں اور سوشل میڈیا میں خود کو ملوث کرتے ہوئے اپنی زندگی تباہ نہ کریں۔ ہریف رائو آج سدی پیٹ اسٹیڈیم میں ضلع اتھیلیٹکس اسوسی ایشن کے زیر اہتمام چھٹویں ضلع واری جونیئر اتھلیٹکس ٹورنمنٹ کا افتتاح کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر ٹریننگ کے ذریعہ سدی پیٹ سے کئی اتھلیٹس تیار کئے جاسکتے ہیں جو ملک میں ضلع کا نام روشن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سدی پیٹ کے نوجوانوں میں غیر معمولی صلاحیتیں موجود ہیں اور حکومت کی جانب سے انہیں ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں گیں تاکہ وہ کھیل کود کے میدان میں آگے بڑھ سکیں۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ اتھیلیٹکس ٹورنمنٹ کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی تک سدی پیٹ سے تعلق رکھنے والے 28 کھلاڑی قومی سطح پر بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی شناخت بناچکے ہیں۔ ہریش رائو نے کہا کہ سدی پیٹ ضلع تعلیم اور صحت میں سرفہرست ہے۔ ایس ایس سی امتحانات میں سدی پیٹ نے ریاست میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تعلیم اور صحت کی طرح کھیل کود کے میدان میں بھی سدی پیٹ کے نوجوان ضلع کا نام روشن کریں گے۔ انہوں نے تیقن دیا کہ بہت جلد پولیس پریڈ گرائونڈ میں کھلاڑیوں کے لیے ٹریننگ کا اہتمام کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ سدی پیٹ میں بین الاقوامی معیار کا سویمنگ پول تعمیر کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ اسٹیڈیم کے احاطہ میں فٹ بال کورٹ، باسکٹ بال کورٹ، انڈور شیڈ ہینڈ بال، اور جم جیسی سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر نوجوان کو صحتمند رہنے کے لیے یوگا اور واکنگ کا پابندی سے اہتمام کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ صحتمند سدی پیٹ کو برقرار رکھنے کے لیے طلبہ اور ان کے والدین کو بھی اپنا حصہ ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کھلاڑیوں کے ٹرینرس پر زور دیا کہ وہ فزیکل فٹنس پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے طلبہ سے کہا کہ سوشل میڈیا پر اپنا وقت ضائع نہ کریں کیوں کہ اس سے نوجوانوں کی زندگی تباہ ہوسکتی ہے۔ میونسپل چیرمین راجا نرسو نے کہا کہ 10 سال قبل سدی پیٹ میں اسٹیڈیم موجود نہیں تھا اور کھلاڑیوں کو سنگاریڈی جانا پڑتا تھا۔
ہریش رائو کی مساعی کے نتیجہ میں عصری اسٹیڈیم تعمیر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سدی پیٹ ہر شعبہ میں تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ تقریب میں ضلع اتھلیٹک اسوسی ایشن کے صدر پرمیشور اور دیگر عوامی نمائندے شریک تھے۔