طلبہ کو سہولتوں کی عدم فراہمی پر ریاستی وزیر کی برہمی

   

توپران اقامتی اسکول کا دورہ اور متعلقہ عہدیداروں کو پونم پربھاکر کی مختلف ہدایتیں

میدک۔/3 فروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ و بی سی ویلفیر پونم پربھاکر نے رکن اسمبلی مانا کوڈور مسٹر کے ستیہ نارائن کے ہمراہ اچانک ضلع میدک کے توپران کا دورہ کرتے ہوئے ریسیڈنشیل اسکول کا دورہ کیا۔ وزیر موصوف نے طلبہ سے بات کرتے ہوئے ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کی۔ واضح رہے کہ اس اقامتی اسکول میں 640 طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کلاس روم اور رہائشی روم ایک ہی ہیں اس طرح احاطہ اسکول کا انہوں نے مکمل معائنہ کیا اور کلاس رومس کا بھی مکمل معائنہ کیا۔ انہوں نے انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمرہ جماعت ہی میں رہائش کس طرح ہے اور نظام صفائی بھی ابتر ہے۔ انہوں نے اسکول سے متعلق کمشنر آف ریسیڈینشل اسکولس رمنا بابو اور سکریٹری بی وینکٹیشم سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے واقف کروایا۔ انہوں نے توپران بلدیہ کے کمشنر خواجہ معز الدین اور محکمہ مال کے آرڈی او کو فون کرکے طلب کیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ طلبہ کے لئے بستروں کا علحدہ انتظام کریں۔ اس طرح وزیر موصوف نے خود اپنی جانب سے 50 ہزار روپئے امداد کرتے ہوئے اسکول میں واقع واٹر پلانٹ کی صفائی و مرمت کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے طلبہ کو صاف ستھرا پانی سپلائی کرنے کی کمشنر بلدیہ کو ہدایت دی اور اسکول کے عملہ کو بھی طلبہ کو نصیحت کرنے کو کہا اور دسویں جماعت کے نتائج صد فیصد لانے کی ہدایت دی۔ وزیر موصوف نے طلبہ کے ساتھ ظہرانہ میں شرکت کی۔ انہوں نے اسکول کو باؤنڈری کی تعمیر کیلئے کلکٹر کو سفارش کرنے کا تیقن دیا۔ اس موقع پر آر ڈی او توپران جئے چندرا ریڈی، بلدی کمشنر خواجہ معز الدین، تحصیلدار وجئے لکشمی کے علاوہ توپران ایم پی ڈی او بھی موجود تھے۔