کسانوں اور طلبہ کے وعدوں سے انحراف، کودنڈا رام اور ایل رمنا کی تنقید
حیدرآباد ۔10۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ جنا سمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈا رام نے حکومت پر طلبہ کے فیس ری ایمبرسمنٹ کی ادائیگی میں ناکامی کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں سے فیس باز ادائیگی اسکیم پر عمل نہیں کیا گیا۔ حکومت نے اسکیم کے لئے بجٹ جاری نہیں کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بجٹ اجرائی کے احکامات زیر التواء رکھے گئے ہیں، جس کے نتیجہ میں لاکھوں طلبہ تعلیم جاری رکھنے کے بارے میں مسائل کا شکار ہیں۔ انہوں نے مہنگائی کے پیش نظر طلبہ کے اسکالرشپ کی رقم میں اضافہ کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کنٹراکٹرس کو فائدہ پہنچانے کیلئے پراجکٹس پر عمل کر رہی ہے۔ مشن بھگیرتا اور دیگر اسکیمات میں بے قاعدگیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کودنڈا رام نے کہا کہ سرکاری رقومات کا بے جا استعمال کیا جارہا ہے ۔ تلگو دیشم کے ریاستی صدر ایل رمنا نے فیس بقایہ جات کی فوری اجرائی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ کے سی آر کو طلبہ کے مستقبل کی کوئی فکر نہیں ہے۔ وہ صرف اپنے خاندان کی بھلائی پر توجہ مرکوز کرچکے ہیں۔ انہوں نے چیف منسٹر کو مشورہ دیا کہ وہ طلبہ اور کسانوں کے مسائل پر توجہ دیں کیونکہ انتخابات کے وقت ان سے کئے گئے وعدوں پر عمل آوری نہیں کی گئی ۔