محبوب نگر میں ریڈکراس یتیم خانہ کا دورہ اور کلکٹر کا خطاب
محبوب نگر ۔ انڈین ریڈ کراس سوسائٹی محبوب نگر سال 2022 میں اپنے اختراعی پروگرامس کے لئے ملک بھر میں انفرادی شناخت بنائے۔ ان توقعات کا اظہار ضلع کلکٹر ایس وینکٹ راؤ نے نئے سال کے موقع پر مستقر کے ینگنڈہ علاقہ میں موجود ریڈکراس یتیم خانہ کا دورہ کرتے ہوئے کہا ضلع کلکٹر نے دورہ کے دوران طلباء کو نئے سال کی مبارکباد دی اور مٹھائی و پھل تقسیم کئے۔ انہوں نے ذمہ داران کو پابند کیا کہ طلباء کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ رامو جی فاؤنڈیشن نے بھی واشنگ مشینیں، ڈرائرمشین، اسکول بیاگس و دیگر اشیاء کی تقسیم عمل میں لائی۔ کلکٹر نے کہا کہ ریڈکراس کے تحت ہم ایک تعلیمی فنڈ قائم کررہے ہیں۔ ایسا فنڈ ملک میں کہیں اور نہیں ہے جس سے غریب طلباء کی مدد کی جائے گی۔ ضلع انتظامیہ کی جانب سے ودیا ندھی کو 5 لاکھ روپے دیئے گئے ہیں۔ ریڈکراس کی ایگزیکٹیو باڈی کی جانب سے تعلیمی فنڈ میں اضافہ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی وزیر وی سرینواس گوڑ بھی دلچسپی لے رہے ہیں۔ کلکٹر نے کہا کہ میں نہ صرف کلکٹر ہوں بلکہ ریڈ کراس کا سوسائٹی ممبر بھی ہوں۔ انہوں نے تیقن دیا کہ ریڈ کراس کے پروگراموں میں بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ اس موقع پر ریڈ کراس کے ضلع صدر لائن ٹراج ڈاکٹر میموئیل، جگپتی راؤ، ڈاکٹر وشنو جناردھن، رامنا یادو، ویرسم، رامچندرن، اشونی چندر شیکھر و دیگر موجود تھے۔