سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی میں انسداد منشیات کا استعمال پروگرام، ججس اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 16 نومبر (پریس نوٹ) سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی کے زیراہتمام 16 نومبر کو بنجارہ ہلز میں سٹی سیول کورٹ لیگل سرویس اتھاریٹی کا لیگل سرویس کیمپ ماڈیول پروگرام بعنوان ’’انسداد منشیات کا استعمال‘‘ منعقد ہوا۔ پروگرام کا افتتاح معزز جسٹس راگھاویندرا ایس چوہان چیف جسٹس و پیاٹرن انچیف تلنگانہ اسٹیٹ لیگل سرویس اتھاریٹی حیدرآباد نے کیا جس کے بعد انہوں نے طلبہ سے مخاطب کرتے ہوئے تابناک مستقبل کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور مزید کہا کہ وہ اپنے افراد خاندان کے ساتھ بہتر تعلقات استوار رکھیں تاکہ ایک اچھی سماجی زندگی تعمیر ہوسکے۔ انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ منشیات کا ہرگز استعمال نہ کریں کیونکہ یہ صحت کیلئے مضر ہے اور جسم کو تباہ و برباد کردیتی ہے جبکہ معزز جسٹس ایم ایس رامچندرا راؤ ایگزیکیٹیو چیرمین تلنگانہ اسٹیٹ لیگل سرویس اتھاریٹی حیدرآباد نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ اسٹیٹ لیگل سرویس اتھاریٹی حیدرآباد، سٹی سیول کورٹ لیگل سرویس اتھاریٹی حیدرآباد کے علاوہ نلسار کی جانب سے اس طرح کے پروگرامس کو شروع کیا گیا ہے۔ شریمتی سی سمالتا چیف جج و چیرمین سٹی سیول کورٹ لیگل سرویس اتھاریٹی حیدرآباد نے لیگل سرویس اتھاریٹی کے انسداد منشیات استعمال کا مقصد اور اس کے تئیں اہم کردار سے واقف کروایا۔ اس پروگرام میں شرکت کرنے والوں میں نارکوٹک کنٹرول بیورو، ایکسائز ڈپارٹمنٹ، ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت ڈپارٹمنٹ اور دیگر تنظیمیں بھی شامل تھیں۔ پروگرام کے موقع اسٹالس لگائے گئے تھے اور پروگرام کے دوران طلبہ میں ورقیوں کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ اس پروگرام سے مخاطب کرنے والوں میں جی وی سبرامنیم رکن سکریٹری تلنگانہ اسٹیٹ سرویس اتھاریٹی حیدرآباد کے علاوہ سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی کے وائس چیرمین جناب ولی اللہ اور خازن ڈاکٹر میر اکبر علی خان بھی شامل ہیں۔ پروگرام میں کالج پرنسپل، اسٹاف اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔