ناخواندگی کے خاتمہ میں اساتذہ کا اہم رول، صدرنشین قانون ساز کونسل سکھیندر ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔3۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل کے صدرنشین جی سکھیندر ریڈی نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ ان شعبہ جات میں مہارت حاصل کریں جن میں انہیں دلچسپی ہو۔ تلنگانہ حکومت طلبہ کی بالخصوص اعلیٰ تعلیم کے سلسلہ میں ہر ممکن حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ سکھیندر ریڈی آج سکندرآباد کے ہری ہرا کلا بھون میں تلنگانہ کے مسلمہ اسکولوں کے انتظامیہ کی اسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ ایوارڈ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ اسوسی ایشن نے ریاست کے تمام خانگی اسکولوں کے لئے خصوصی امتحان منعقد کیا تھا۔ امتحان میں بہتر مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کو صدرنشین قانون ساز کونسل کے ہاتھوں انعامات کی تقسیم عمل میں آئی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سکھیندر ریڈی نے کہا کہ طلبہ پر کوئی ایک شعبہ کے لئے دباؤ نہیں بنایا جاسکتا۔ جن کورسس میں طلبہ کو دلچسپی ہے ، اسی میں حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت تعلیم کے فروغ میں خصوصی دلچسپی رکھتی ہے۔ غریبوں کو بہتر تعلیم فراہم کرنے کے لئے اقامتی اسکولوں کا جال بچھایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہر شعبہ میں حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ سکھیندر ریڈی نے اقامتی اسکولوں کی کارکردگی کی ستائش کی اور کہا کہ ہر طبقہ کے لئے اقامتی اسکولس قائم کئے گئے جہاں معیاری تعلیم کا انتظام ہے ۔ اقامتی اسکولوں کے نتائج حوصلہ افزاء ہیں۔ انہوں نے والدین اور سرپرستوں سے اپیل کی کہ وہ طلبہ کو تعلیم کے سلسلہ میں ان کی دلچسپی کا خیال رکھیں۔ ان پر اپنی پسند کا شعبہ یا کورس مسلط نہ کیا جائے ۔ سکھیندر ریڈی نے کہا کہ خواندگی کے معاملہ میں تلنگانہ دیگر ریاستوں سے پیچھے ہے۔ طلبہ اور اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ ریاست میں صد فیصد خواندگی کیلئے ایچ ون ٹیچ ون پروگرام میں حصہ لیں جس کے تحت ہر شخص ایک ناخواندہ کو زیور تعلیم سے آراستہ کرسکتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کا عہد کرچکے ہیں۔ صدرنشین کونسل نے امید ظاہر کی کہ بہت جلد تلنگانہ خواندگی کے زمرہ میں ملک میں سرفہرست ہوجائے گا۔