طلبہ کی رہنمائی کیلئے ادارہ سیاست کی خدمات قابل قدر:ایڈیشنل کلکٹر

   

نرمل میںسیاست کوئسچن بینک کی مفت تقسیم ‘آئی اے ایس آفیسرمحمدفیضان احمدکا خطاب ‘خوب محنت کرنے بچوں سے خواہش
نرمل ۔14فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)روزنامہ سیاست کی جانب سے عابد علی خاں ایجوکیشن ٹرسٹ کے زیراہتمام اردومیڈیم دسویںجماعت کے طلبہ کی رہنمائی کے لیے ہرسال سیاست کوئسچن بینک کی مفت تقسیم سارے تلنگانہ کے اردو اسکولس میں عمل میںلائی جاتی ہے ‘جو طلبہ کو امتحان کی تیاری میںکافی مددگا رثابت ہورہی ہے ۔ آج اس کوئسچن بینک کی نرمل کے طلبہ کے لیے محمد فیضان احمدی آئی اے ایس ‘ایڈیشنل کلکٹرنے اس کوئسچین بینک کی رسم اجراء اپنے چیمبر میں سیدجلیل ازہر اسٹاف رپورٹر روزنامہ سیاست کی خواہش پرانجام دی ۔ بعدازاںانہوںنے بات چیت کرتے ہوئے طلبہ برادری کومشورہ دیا کہ وہ دسویںجماعت کے امتحانات میںاچھے نشانات سے کامیابی حاصل کرنے کے لیے دن رات محنت کریں۔ دل لگاکر پڑھیں‘ آپ کی کامیابی سے آپ کے والدین کے خواب پورے ہوںگے۔ اپنے علاقہ کا نام روشن ہوگا اورآپ کے درخشاں مستقبل کی راہ ہموار ہوگی۔ اس لیے کہ تعلیم ہرانسان کی بنیادی ضرورت ہے ۔ تعلیم کسی بھی قوم یا معاشرہ کے لیے ترقی کا ضامن ہے ۔ تعلیم حاصل کرنے کا مقصد ڈگری حاصل کرنا نہیں بلکہ اس کے ساتھ اخلاق ‘تہذیب ‘تمیزسیکھنا بھی شامل ہے ۔ تعلیم وہ زیور ہے جو انسان کے کردار کوسنوارتی ہے بلکہ تعلیم وہ خزانہ ہے جسے کوئی چرا نہیں سکتا ۔ کیونکہ علم انسان کی غیبی آنکھ ہے جس کے ذریعہ وہ بہت کچھ دیکھ لیتا ہے ۔ خلوص دل اور سچی لگن کے ساتھ محنت کرنے والوںکے کامیابی قدم چومتی ہے ۔ ہرماںبا پ کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ اس کی اولاد تعلیم یافتہ بن کرسماج میںنام روشن کرے ۔انہوںنے سرپرستوں سے بھی کہا کہ وہ اپنے بچوںکو اچھی سے اچھی تعلیم دلوائیں کیونکہ نوجوان قوم کا اثاثہ ہوتے ہیں۔ تعلیم کے معاملہ میںانہوںنے نوجوانوںکونصیحت کی ہے کہ وہ دور جدیدمیں تعلیم پر خصوصی توجہ مرکوز کریں کیونکہ تعلیم کے زیورسے بڑھ کر دنیا کا اور کوئی زیور نہیں ہے ۔ اگر ہمارے پاس یہ زیور ہوگا تو ہم دنیا کا کوئی بھی زیور خریدسکتے ہیں۔ آخرمیںانہوںنے روزنامہ سیاست کے مدیراعلیٰ زاہد علی خان وعامرعلی خان رکن قانون ساز کونسل کی فلاحی خدمات کی ستائش کی اورکہا کہ طلبہ کی رہنمائی کیلئے ادارہ سیاست کی خدمات قابل قدر ہے جس سے طلبہ کا مستقبل تابناک ہوتا ہے ۔اس کے علاوہ ادارہ سیاست کی دیگرخدمات بالخصوص لاوارث نعشوں کی تدفین سے متعلق انہیں جلیل ازہر نے واقف کروایا ۔