طلبہ کی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا مشورہ

   


میدک میں سائنس فیر کا انعقاد، رکن اسمبلی پدمادیویندر ریڈی کا خطاب

میدک ۔ 25 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن اسمبلی میدک ایم پدما دیویندر ریڈی نے میدک کے ویزلن ہائی اسکول (گول بنگلہ) کی وسیع عمارت میں ڈسٹرکٹ سطح کے ’’سائنس فیر‘‘ کا افتتاح کیا۔ سہ روزہ سائنس فیر جو 24 تا 26 نومبر تک منعقد ہوگا۔ بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو چاہئے کہ اپنے درس و تدریس کے انداز میں خوب طرح سے بہتری لائیں تاکہ طلبہ کو اپنے اندر موجود پوشیدہ و مخفی صلاحیتوں کو ابھارنے اور منظر عام پر لانے کی ان میں ہمت و جستجو پیدا ہو۔ انہوں نے کہا کہ میدک میں سائنس بھون بھی تعمیر کیا جائے گا تاکہ طلبہ اپنے سائنسی ماڈلس کے تیار کرنے میں دلچسپی پیدا کریں۔ اس تقریب کی صدارت ڈی ای او میدک رمیش کمار نے کی۔ انہوں نے کہا کہ سائنسی نمائش کے انعقاد کا مقصد بھی یہی ہوتا ہیکہ طلبہ کو کتابیں پڑھنے کے ساتھ عملی زندگی میں سائنسی تجربات کرنے کا موقع مل سکے۔ ڈسٹرکٹ سائنس آفیسر واجی ریڈی نے کہا کہ پورے ضلع سے سرکاری و غیر سرکاری اسکولس کے طلبہ نے 438 سائنسی ماڈلس پیش کئے۔ اس پروگرام یں صدر نشین بلدیہ، ٹی چندرا پال، نائب صدر نشین بلدیہ ملکارجن گوڑ، ایم ای او نیلا کنٹم کمشنر بلدیہ جانکی رام ڈی ایس پی سائیلو، کونسلر بلدیہ جئے راج اساتذہ یونین کے قائدین ملاریڈی، سرینواس، ہری کرشنا، بھاسکر، اشوک، سدرشن، مورتی اور صدر ٹی این جی اوز ڈی نریندر، جنرل سکریٹری مانک راج کمار، ی آر ایس قائدین ایم گنگا دھر، لکشمی نارائن کے علاوہ پورے ضلع کے منڈلس کے ایم ای اوز، صدر المدرسین اور طلبہ کی بڑی تعداد شریک تھی۔ رکن اسمبلی پدما ریڈی نے شمع روشن کرتے ہوئے تقریب کا آغاز کیا۔ ابتداء میں طالبات نے بہترین انداز میں کلچرل پروگرامس کا مظاہرہ کیا۔ رکن اسمبلی نے کلچرل پروگرامس میں طلباء کو بھی حصہ لینے کی ترغب دی۔ بعد ازاں سبھی شرکا نے سائنسی ماڈلس کا مشاہدہ کیا۔