حیدرآباد۔ /7 اگسٹ، ( سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ چندرائن گٹہ میں کل رات چاقوزنی کی واردات سے سنسنی پھیل گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ 53 سالہ پاشاہ نامی شخص پر اسی علاقہ کے منصور نے حملہ کردیا۔ دونوں جی ایم چھاونی علاقہ کے ساکنان بتائے گئے ہیں۔ پاشاہ پیشہ سے فلاور مرچنٹ اور منصور بائیک میکانک بتایا گیا ہے۔ منصور، پاشاہ کے خلاف مبینہ طور پر قابل اعتراض انداز میں فقرے کستا تھا۔ کل رات ایک سے زائد مرتبہ منصور نے پاشاہ کو دیکھ کر ’ آرے پاکٹ ‘ فقرہ کستے ہوئے نکل گیا۔ اس بات کو پاشاہ نے نظر انداز کردیا۔ تاہم کچھ دیر بعد پھر منصور نے یہ فقرہ دہرایا اور پاشاہ بھی اس مقام پر موجود تھا ۔ اس دوران دونوں میں بحث و تکرار جھگڑے کا رخ اختیار کرگئی اور منصور کے حملہ میں پاشاہ زخمی ہوگیا۔ انسپکٹر چندرائن گٹہ پرساد ورما نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ خاطی کو گرفتار کرلیا گیا۔
