طوطے کے اشارے پر قاتلوں کا چہرہ بے نقاب

   

پالتو پرندے کی وفاداری، قاتلوں کو عمر قید کی سزاء
حیدرآباد ۔25 مارچ (سیاست نیوز) ایک طوطے کے اشارے نے قاتلوں کا چہرہ بے نقاب کیا اور انہیں عمر قید کی سزاء سنائی۔ عام طور پر پالتو پرندوں اور جانوروں کی وفاداری کے قصہ بیان کئے جاتے ہیں لیکن آگرہ میں پیش آیا یہ واقعہ شاید نئی نسل کیلئے ایک سبق آموز اور پرندوں و جانوروں کو پالنے والوں کیلئے ایک نعمت بن گیا ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ آگرہ شہر میں سال 2014ء کے دوران ایک خاتون کا قتل کردیا گیا تھا۔ زیورات اور پیسوں کیلئے انجام دی گئی اس سنسنی خیز قتل کی واردات میں قاتلوں نے نیلم شرما کو بڑی بے رحمی سے قتل کردیا۔ نیلم شرما اپنے مکان میں نامعلوم قاتلوں کے ہاتھوں ہلاک کردی گئی جبکہ نیلم شرما کے کتے کو بھی ان قاتلوں نے ہلاک کردیا۔ کیس کی تحقیقات کو انجام دے رہی پولیس کیلئے کوئی مؤثر سراغ دستیاب نہیں ہوا حالانکہ ہر زاویہ سے کیس کی تحقیقات جاری تھی۔ پولیس نے ہر مشتبہ شخص سے پوچھ تاچھ کی اور ان پر نظر رکھے ہوئے تھے۔ اس دوران نیلم شرما کے شوہر وجے شرما نے پولیس کو ایک اشارہ دیا۔ دراصل یہ اشارہ نیلم کے طوطے نے وجے شرما کو دیا تھا۔ نیلم کے قتل کے بعد اس کا طوطا بھی خاموش ہوگیا تھا لیکن طوطا اس وقت کافی چیخ و پکار کرتا تھا۔ جب وجے شرما کی بھانجی آشو اس کے مکان آتی تھی۔ آشو کو دیکھ کر طوطے کی چیخ و پکار سے وجے شرما کو شک ہوا اور اس نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے تحقیقات کے دوران آشو اور رونی کو گرفتار کرلیا۔ گذشتہ دنوں عدالت نے آشو اور رونی کو عمر قید کی سزاء سنائی۔ وجے شرما کویڈ کے دوران 2020ء میں فوت ہوگیا اور نیلم کی ہلاکت کے 6 ماہ بعد اس کا طوطا بھی فوت ہوگیا۔ع