کئی سڑکیں جھیل میں تبدیل ۔ موسی رام باغ برج پانی میں ڈوب گیا ۔ عوام کیلئے بند ۔ سنتوش نگر سرکل میں جملہ 104.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی
حیدرآباد 4 ستمبر ( سیاست نیوز ) : دونوں شہروں میں ہوئی
طوفانی بارش کے سبب سارا شہر جل تھل ہوگیا اور کئی علاقوں میں سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئی ۔ ٹریفک مسائل پیدا ہوگئے ۔ کئی علاقوں میں برقی سربراہی منقطع ہوگئی ۔ مضافاتی علاقوں میں بارش سے عثمان ساگر بھی لبریز ہوگیا ۔ جس پر حکام نے چار دروازے کھولتے ہوئے پانی کا اخراج کیا ۔ پہلے حمایت ساگر کے گیٹس بھی کھول کر پانی جاری کیا جارہا ہے ۔ جس سے موسیٰ ندی میں پانی کے بہاؤ میں شدت پیدا ہوگئی جس کے نتیجے میں موسیٰ رام باغ کا برج پانی میں ڈوب گیا ۔ پانی کے بہاؤ کو دیکھتے ہوئے موسیٰ رام باغ سے عنبر پیٹ کو جوڑنے والے اس برج کو عوام کیلئے بند کردیا ۔ اس علاقے میں پانی کا بہاؤ اتنا تیز تھا کہ کئی بائیکس اور دو پہیوں والی گاڑیاں بہہ گئیں۔ دونوں شہروں کے مختلف علاقوں میں دوپہر کے بعد سے اچانک ہی طوفانی بارش شروع ہوگئی جس کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری رہا اور شام 7 بجے کے بعد دونوں شہروں کے تمام علاقوں اور مضافاتی بارش ہوتی رہی جس کا رات دیر گئے تک سلسلہ جاری رہا ۔ دن کے وقت پرانے شہر میں تقریبا ایک گھنٹہ موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی جس کے سبب یاقوت پورہ اسٹیشن کے قریب موجود نالا اُبل پڑا اور ظفر روڈ سے یاقوت پورہ جانے والی سڑک تالاب میں تبدیل ہوگئی ۔ اس کے علاوہ شہر کے کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایتیں موصول ہوئی ۔ حکیم پیٹ کنٹہ ، شاہ حاتم تالاب ، ٹولی چوکی ، مہدی پٹنم ، راجندر نگر ، تالاب کٹہ ، بنڈلہ گوڑہ کے علاوہ کئی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہوگیا ۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق سب سے زیادہ بارش سعید آباد منڈل کے سرکل سنتوش نگر میں ریکارڈ کی گئی جہاں رات 10 بجے تک 104.3 ملی میٹر بارش ہوئی جب کہ ملک پیٹ سرکل میں 92.0 ملی میٹر ، عنبر پیٹ منڈل میں 76.0 ملی میٹر ، سرور نگر میں 65.0 ملی میٹر ، چارمینار میں 58.0 ملی میٹر ، بنڈلہ گوڑہ میں 54.8 ملی میٹر حمایت نگر میں 50.8 ملی میٹر اُپل میں 46.0 ملی میٹر اور دبیر پورہ علاقہ میں 40.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ محکمہ موسمیات کے بموجب تلنگانہ کے بیشتر اضلاع بشمول حیدرآباد میں آئندہ تین یوم کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا اور ہنگامی حالت میں خدمات انجام دینے والے محکمہ جات بالخصوص محکمہ مال ، محکمہ بلدی نظم و نسق ، محکمہ آبپاشی ، محکمہ آبرسانی کے علاوہ ضلع کلکٹرس کو چوکس رہنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔ ملک پیٹ میں دوپہر کے وقت بارش اور موسیٰ رام باغ برج کو بند کردئیے جانے پر اطراف کے علاقوں سلیم نگر کالونی ، اولڈ ملک پیٹ ، ریس کورس روڈ ، کارخانہ زندہ طلسمات ، عنبر پیٹ کی سڑکوں پر بے ہنگم ٹریفک دیکھی گئی ۔ ملک پیٹ میں ٹریفک میں پھنس جانے والی 5 ایمبولنس گاڑیوں کو ڈیوٹی پر موجود ٹریفک پولیس عہدیداروں نے راستہ ہموار کرکے نکال دیا ۔ شہر کی بیشتر سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئی ۔ کئی مکانات میں پانی داخل ہوگیا ۔ بلدیہ ایمرجنسی عملہ پانی کی نکاسی میں مصروف دیکھا گیا ۔ N