یلاریڈی میں سینکڑوں ایکڑدھان کی فصل تباہ‘ سرکاری راحت ضروری
یلاریڈی ۔ 20 ؍ اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) روزانہ تین دنوں سے راتوں کو ہو رہی دھواں دھار بارش نے یلاریڈی اور اس کے منڈلوں میں کھڑی دھان کی فصلوں کو تباہ کر دیا ۔ یلاریڈی کے تماریڈی ‘یلوٹلا‘ حاجی پورتانڈا ‘ جنگامائی پلی ‘ لکشمی پور ‘ ماچاپور ‘ علاقوں میں زور دار بارش نے دھان کی فصلوں کو غیر معمولی نقصان پہنچایاہے ۔ یلاریڈی کے مختلف علاقوں میں زمین بوس فصلوں کا محکمہ زراعت کے عہدیداروں نے معائنہ کیا ‘ جس کی رپورٹ سرکاری کو روانہ کرکے کسانوں کو امداد دلائی جائیگی ۔ منڈل لنگم پیٹ کے مختلف علاقوں میں بھی دھواں دھار بارش نے کسانوں کو اشکبار کر دیا ۔ کٹوائی کے لئے تیار دھان کی فصلیں راتوں رات زمین بوس ہونے پر کسانوں کو شدید رنجیدہ دیکھا گیا ۔ منڈل کے ممباجی پیٹ ‘ بھوائی پیٹ ‘ جلدی پلی ‘ بونال ‘ پائم پلی ‘ باناپور ‘ کتاپور ‘ تلامڈکو ‘ شٹ پلی ‘ مستاپور ‘ پرملا ‘ شٹ پلی سنگاریڈی ‘ سووائی پلی ‘ آئلاپور علاقوں میں الگ الگ وقتوں میں زور دار بارش نے فصلوں کو مکمل تباہ کر دیا ۔ منڈل میں ہی تقریباً 1500 ایکڑ فصلوں کو زمین بوس ہونے کا اندازہ ہے ۔ یلاریڈی میں 21.2 ملی میٹر ناگی ریڈی پیٹ میں 17 ملی میٹر ‘ سداشیونگر میں 65.8 ملی میٹر ‘ گندھاری میں 38.4 ‘ ملی میٹر لنگم پیٹ میں 17.20 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ اچانک ہو رہی غیر معمولی بارش نے شعبہ زراعت کو بڑی حد تک نقصان پہنچایا ہے ‘ جس کو سرکاری ہرجانہ ادا کر کے کسانوں کو راحت دینا ضروری ہے ۔