طوفان بلبل سے 50 ہزار کروڑ کا نقصان : ممتا بنرجی

   

بسیرہاٹ(مغربی بنگال) ۔ 13 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے شمالی 24 پرگنا ضلع میں طوفان بلبل سے متاثرہ علاقوں کا فضائی سروے کرنے کے بعد آج کہا کہ ریاست کو آفات سماوی کی وجہ سے 50,000 کروڑ روپئے تک نقصان اٹھانا پڑسکتا ہے ۔ ممتا بنرجی نے اس ضلع کے پانچ افراد جو طوفان میں اپنی جان گنوا بیٹھے، ان کے ارکان خاندان کو فی کس 2.4 لاکھ روپئے کا چیک حوالے کیا۔ کم از کم 15 لاکھ ہیکٹر زرعی اراضی اس طوفان میں خراب ہونے کا نوٹ لیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ متاثرہ کسانوں کو ان کی حکومت سے تمام مدد حاصل ہوگی۔ انہوں نے ادعا کیا کہ جن کسانوں نے ریاستی حکومت کی فصل بیمہ اسکیم کیلئے اپنے نام لگائے ہیں ، انہیں ان کے نقصان کا 100 فیصدی معاوضہ حاصل ہوگا۔