طوفان بیپرجائے کو لے کر تیاریاں تیز، 150 کلو میٹر کی رفتار سے چل سکتی ہیں ہوائیں، محفوظ مقامات پر پہنچائے گئے 7500 افراد

,

   

نئی دہلی:15 جون کو شدید سمندری طوفان ‘بیپرجائے’ کے گجرات پہنچنے کے امکان کے درمیان ریاست نے انخلاء کا تفصیلی منصوبہ بنایا ہے اور انتظامیہ نے 7,500 لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا ہے۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے پیر کو کہا کہ طوفان کے دوران گجرات میں 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چلنے کا امکان ہے۔ادھر وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو کہا کہ ریسکیو ٹیمیں طوفان ‘بیپرجائے’ کے راستے میں خطرناک جگہوں پر رہنے والے لوگوں کے محفوظ انخلاء کو یقینی بنا رہی ہیں۔ وزیر اعظم نے نئی دہلی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی، جس میں طوفان سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مرکزی اور گجرات حکومتوں کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس طوفان کے پاکستان کو بھی متاثر کرنے کا امکان ہے۔