شہر اور اضلاع میںمطلع ابرآلود ، وقفہ وقفہ سے ہلکی بارش
حیدرآباد۔3۔ڈسمبر۔(سیاست نیوز) ریاست میں موسم سرماکے عروج پر پہنچنے کے بعد گذشتہ تین یوم سے شدید مانسون کی طرح موسم ریکارڈ کیا جا رہاہے کیونکہ طوفان ’فینگل‘ کے سبب ریاست کے کئی اضلا ع اور شہر حیدرآباد میں مطلع ابرآلود ہونے کے علاوہ وقفہ وقفہ سے ہلکی اور تیز بارش ریکارڈ کی جانے لگی ہے۔ تلنگانہ کے بیشتر اضلاع اور دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں موسم انتہائی خوشگوار ہوچکا ہے اور ہنوز طوفان ’فینگل ‘ کے اثرات کے نتیجہ میں شہر کے نواحی علاقوں میں رات کے اوقات میں درجہ حرارت 11 ڈگری سیلسیس تک ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور دونوں شہروں میں گذشتہ شب جاری رہنے والی ہلکی اور تیز بارش کے نتیجہ میں صبح کی اولین ساعتوں کے دوران بھی ہوا میں خنکی دیکھی جاتی رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ شب سے آج شام تک دونوں شہروں حیدرآبادوسکندرآباد میں مجموعی اعتبار سے 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق بعض علاقوں میں 11ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ کئی علاقوں میں محض 5ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور گذشتہ شب کے دوران وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری رہا ۔ ماہرین موسمیات کے مطابق تلنگانہ کے وسطی اضلاع کے علاوہ جنوبی و شمالی اضلاع پر بھی’فینگل ‘ کا اثر دیکھا جا رہاہے اور کئی اضلاع میں وقفہ وقفہ سے بارش کے علاوہ موسم حیدرآباد کی طرح ہی ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔ ماہرین محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ دو یوم کے دوران بھی موسم میں کسی بھی طرح کی تبدیلی ریکارڈ نہیں کی جائے گی بلکہ درجہ حرارت معمول کے مطابق ہی رہے گا اور طوفان کے شدت اختیار کرنے کی صور ت میں بارش کی رفتار کچھ حد تک شدت اختیار کرسکتی ہے۔3