طوفان مونتھا سے اے پی میں تباہی، ایک ہلاک ، 2 زخمی

,

   

Ferty9 Clinic

آندھرا اور اڈیشہ میں آج بھی تعلیمی ادارے بند، تلنگانہ میں بھی اثر
حیدرآباد۔28۔اکٹوبر(سیاست نیوز) طوفان مونتھا سے آندھراپردیش میں بڑی تباہی کی ا طلاع ہے۔ طوفان کے ساحل سے ٹکرانے کے دوران ایک شخص ہلاک اور دیگر 2 زخمی ہوئے ہیں۔1.7 لاکھ ہیکٹر پر فصلوں کو نقصان پہنچا ہے جس سے کروڑہا روپئے کے نقصانات کا تخمینہ کیا جارہا ہے۔ ادھرتلنگانہ میں بھی طوفان ’مونتھا ‘کا اثر ہوا ہے جس سے بیشتراضلاع کے علاوہ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں وقفہ وقفہ سے ہلکی تا تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ 29 اکٹوبر بروز چہارشنبہ کی رات تک یہ سلسلہ جاری رہنے کے علاوہ چہارشنبہ کو دن میں شدیدبارش کا امکان ہے۔ شہر کے اطراف کے اضلاع میں جاری بارش میں اضافہ اور پانی کے بہاؤ میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کے نتیجہ میں شہر کو پانی سربراہ کرنے والے دونوں ذخائر آب میں پانی جمع ہونے کی رفتار تیز ہوگئی جس کے نتیجہ میں محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں نے عثمان ساگر کے 10 دروازے اور حمایت ساگر کے 4 دروازوں کو کھولتے ہوئے موسیٰ ندی میں پانی کے اخراج کا فیصلہ کیا ہے۔ساحلی آندھراکے اضلاع سے طوفان’مونتھا ‘کے ٹکرانے سے قبل سے ہی فضائی خدمات متاثر ہونے کے علاوہ تلنگانہ و آندھراپردیش کے کئی مقامات پر ٹرین خدمات بھی متاثر ہوئی ہیں ۔ آندھراپردیش اور اڈیشہ میں 29 ا کتوبر کو بھی تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرا بابو نائیڈو نے آندھراپردیش میں طوفان ’مونتھا‘ کے اثرات کا جائزہ لیتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میںبارش کا سلسلہ جاری ہے اور آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران اس کے جاری رہنے کے امکانات ہیں۔آندھراپردیش میں راجمندری اور وشاکھا پٹنم ائیر پورٹ کو طوفان کے پیش نظر بند کردیا گیا ہے جبکہ وشاکھا پٹنم اور کاکیناڈا سے چلائی جانے والی زائد از 107ٹرینوں کو منسوخ کردیا گیا ہے۔6 ٹرینوں کا راستہ تبدیل کرتے ہوئے انہیں چلایا جارہا ہے۔ آندھراپردیش کے ساحلی اضلاع سے زائد از 50ہزار افراد کو محفوظ مقامات کو منتقل کرنے کے اقدامات کئے گئے ہیں جبکہ 500 راحت کاری ٹیمیں متاثرہ اور امکانی متاثرہ علاقوں میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ حکومت نے طوفان کے امکانی نقصانات کو کم کرنے عوام کیلئے انتباہ جاری کیا گیا ہے۔ 3