طوفان مونتھا کے اثرات، تلنگانہ میں ریڈ الرٹ جاری

,

   

آئندہ 3 دن تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش قیاسی، حکام کی چوکسی

حیدرآباد۔29۔اکٹوبر(سیاست نیوز) محکمہ موسمیات نے تلنگانہ میں طوفان ’مونتھا‘ کے اثرات کے سلسلہ میں ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے اور اس بات کی نشاندہی کی ہے کہ ریاست کے بیشتر اضلاع میں آئندہ تین یوم کے دوران مسلسل تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہے گا اور دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں بھی ہلکی اور تیز بارش ریکارڈ کی جاتی رہے گی۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کئے گئے ’ریڈ الرٹ‘ کے بعد مختلف محکمہ جات سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں نے اپنے طور پر چوکسی اختیار کرنے کے اقدامات کا آغاز کردیا ہے کیونکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی پیش قیاسی کے مطابق طوفان ’مونتھا‘ کے 16 اضلاع پر اثرات ہونے کے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں طوفان کا اثر 3 یوم تک رہے گا۔ماہرین موسمیات کے مطابق جن 16 اضلاع کے لئے محکمہ موسمیات نے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے ان میں پداپلی ‘ میڑچل ۔ملکا جگری ‘ یدادری بھونگیری ‘ کاماریڈی ‘ کریم نگر ‘ جنگاؤں‘ میدک ‘ محبوب آباد‘ ہنمکنڈہ ‘ ورنگل ‘ سدی پیٹ‘ جگتیال ‘ نظام آباد ‘ نرمل ‘ عادل آباد اور دیگر شامل ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ اطراف کے مضافات میں بارش کے نتیجہ میں شہر حیدرآباد میں سردی کی لہر ریکارڈ کی جائے گی اور درجہ حرارت 20تا 22 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کئے جانے والے ریڈالرٹ کے بعد ریاست کے بیشتر اضلاع میں عوام کے لئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے جانے لگے ہیں اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں بھی بڑے پیمانے پر نشیبی علاقوں پر گہری نظر رکھنے اور تالابوں اور کنٹوں میں جمع ہونے والے پانی پر نگاہ رکھی جا رہی ہے۔جی ایچ ایم سی کے عہدیدارو ںنے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں حسین ساگر جھیل میں بھی پانی جمع ہونے کی رفتار تیز ہونے کے بعد پانی کے اخراج پر نظر رکھی جا رہی ہے اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے مکینوں کو متنبہ کیا جارہا ہے۔3

متاثرہ اضلاع میں ایمرجنسی عملہ کو متحرک رہنے کی ہدایت
تلنگانہ میں طوفان مونتھا کے اثرات پر چیف منسٹر ریونت ریڈی کا جائزہ اجلاس

حیدرآباد۔29۔اکٹوبر(سیاست نیوز) تلنگانہ میں طوفان ’مونتھا‘ کے اثرات کے سلسلہ میں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے متاثرہ اضلاع کے علاوہ شہرحیدرآباد میں ایمرجنسی عملہ کو متحرک رہنے کی ہدایت دی اور اضلاع میں دھان کی فصلوں کو نقصان سے محفوظ رکھنے کے اقدامات کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ زرعی شعبہ کو ہونے والے نقصانات کو کم کرنے کے سلسلہ میں تمام عہدیدار بالخصوص محکمہ مال کے عہدیدارہمہ وقت موجود رہیں۔چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے جائزہ اجلاس کے دوران راحت کاری عملہ ‘ این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کو آپسی تال میل کے ساتھ کام کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ ان ایجنسیوں کی مناسب رہنمائی کے اقدامات کویقینی بنائیں۔ انہوں نے ریاست میں طوفان ’مونتھا‘ کے اثرات اور نقصانات کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت سے درکار تمام سہولتوں سے عہدیدار استفادہ کرتے ہوئے عوام کو راحت پہنچانے کے اقدامات کریں اور ندیوں اور نالوں پر موجود لوور برجس پر سے ٹریفک کی آمد ورفت کو فوری اثر کے ساتھ مکمل طو رپر بند کردیا جائے ۔چیف منسٹر نے محکمہ مال ‘ محکمہ برقی ‘ محکمہ بلدی نظم و نسق‘ محکمہ پنچایت راج‘ محکمہ عمارات و شوارع‘ محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ عوام کے درمیان رہتے ہوئے انہیں سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات کریں۔ اے ریونت ریڈی نے تلنگانہ میں طوفان کے نقصانات کو کم کرنے کے سلسلہ میں تمام شعبہ جات کے عہدیداروں کو متحرک رہنے کی ہدایت دی ہے۔انہوں طوفان ’مونتھا‘ سے متاثر ہونے والے اضلاع اور جن اضلاع میں طوفان کا خدشہ ہے ان مقامات پر ضلع کلکٹرس کو چوکسی اختیار کرنے کے علاوہ ریاست بھر میں لبریز تالابوں ‘ کنٹوں اور ذخائر آب پر خصوصی نظر رکھنے کی ہدایت دی اور کہا کہ تالابوں کے پشتوں اور کلوورٹ پر نظر رکھی جائے علاوہ ازیں محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں کو ذخائر آب میں جمع ہونے والے پانی اور اس کے اخراج کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات پر خصوصی نظر رکھنے کی تاکید کرتے ہوئے ریاست بھر میں چوکسی اختیار کرنے کے لئے احکام جاری کئے ہیں۔3

طوفان سے آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں 3 اموات
آندھرا پردیش میں چندرا بابو کا نقصانات کا جائزہ ، تلنگانہ میں ریونت ریڈی کی صورتحال پر نظر
حیدرآباد۔29۔اکٹوبر(سیاست نیوز) تلگو ریاستوں آندھراپردیش و تلنگانہ میں آئے طوفان ’مونتھا‘ کے سبب 3اموات واقع ہوئی ہیںاور محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی جانے والی پیش قیاسی کے مطابق تلنگانہ میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران طوفان’مونتھا‘ کا شدید اثر ریکارڈ کیا جائے گا۔ پڑوسی ریاست آندھراپردیش میں طوفان ’مونتھا‘ کی تباہ کاریوں کا چیف منسٹر این چندرا بابونائیڈو نے فضائی سروے کرتے ہوئے جائزہ لیا اور اپنی راست نگرانی میں راحت کاری کاموں کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ اگر اسی رفتار سے راحت کاری کاموں کا سلسلہ جاری رہتا ہے تو اندرون دو یوم بڑی راحت پہنچانے میں کامیابی حاصل ہوگی۔ طوفان ’مونتھا‘ کے نتیجہ میں جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اس کے سبب تلنگانہ کے کئی اضلاع میں زرعی فصلیں تباہ ہوچکی ہیں جبکہ ورنگل ‘ ہنمکنڈہ ‘ نلگنڈہ ‘ کے علاوہ دیگر اضلاع میں موسلادھار بارش کے نتیجہ میں حالت ابتر ہونے لگی ہے۔ضلع وقار آباد میں پانی میں ایک شخص کو نوجوانوں نے بہنے سے بچالیا جبکہ تلنگانہ کے سرحدی ضلع کھمم کے موضع انجنا پورم میں ڈی سی ایم گاڑی ڈرائیور کے ساتھ بہہ گئی ۔ بتایاجاتا ہے کہ پانی کے تیز بہاؤ سے ڈی سی ایم ویان کو ڈرائیور کی جانب سے نکالنے کی ممکنہ کوشش کی گئی لیکن ڈرائیور کی یہ کوششیں رائیگاں ثابت ہوئی اور ٹرک ڈرائیور کے ساتھ بہہ گئی ۔ضلع نظام آباد میں موجود سری رام ساگر پراجکٹ میں پانی خطرہ کے نشان سے اوپر پہنچنے کے نتیجہ میں حکام نے پراجکٹ کے تمام 16 دروازوں کو کھولنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پانی کے اخراج کے اقدامات کئے ۔ بتایاجاتا ہے کہ محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں نے سری رام ساگر سے 59ہزار 654 کیوزک پانی کے اخراج کے اقدامات کئے ہیں اور تیزی کے ساتھ پانی کے اخراج کو یقینی بنایا جارہا ہے۔تلنگانہ کے ضلع ناگرکرنول میں بھی طوفان ’مونتھا‘ کے سبب ہونے والی بارشوں کے نتیجہ میں تالاب لبریز ہوچکے ہیں اور ندی اور نالوں کے بہاؤ میں تیزی ریکارڈ کی جانے لگی ہے۔ دونوں شہروںحیدرآباد وسکندرآباد میں بھی گذشتہ 24 گھنٹے سے مسلسل بارش کا سلسلہ جاری ہے اور وقفہ وقفہ سے جاری بارش کے نتیجہ میں کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہونے لگی ہیں۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی جانے والی تفصیلات کے مطابق سب سے زیادہ بارش گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ضلع ورنگل میں ریکارڈ کی گئی جہاں 340 ملی میٹر بارش ہوئی جس کے نتیجہ میں ورنگل کے کئی علاقے پانی میں محصور ہوگئے ۔ کوما پلی گروکل اسکول جو کہ ضلع نلگنڈہ منڈل دیورکنڈہ میں تعلیم حاصل کرنے والے 500طلبہ جو پانی میں محصور ہوگئے تھے انہیں حکام نے انہیں بحفاظت نکالتے ہوئے دوسرے مقام پر منتقل کردیا۔ چیف منسٹرتلنگانہ مسٹر اے ریونت ریڈی نے ریاست میں بارش کے سبب پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لینے کے اجلاس منعقد کرتے ہوئے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کو ہدایات جاری کی ہیں۔ ریاستی حکومت نے زرعی شعبہ کو ہونے والے نقصانات اور دھان کو نقصان سے بچانے کے اقدامات کی خصوصی ہدایت دی ہے۔تلنگانہ کے ذخائر آب کی صورتحال اور ان کا جائزہ لینے کے لئے محکمہ آبپاشی کی جانب سے عہدیداروں کو خصوصی ہدایات دی گئی ہے۔ ضلع نلگنڈہ میں ہوئی موسلادھار بارش کے دوران مویشیوں کے اموات کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔دونوں تلگو ریاستوںکے علاوہ ریاست اوڈیشہ میں بھی مسلسل بارش ریکارڈ کی جا رہی ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق اوڈیشہ اور تمل ناڈو میں بھی مسلسل بارش کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران جاری رہے گا۔3