مشرقی ریاستوں میں الرٹ، این ڈی آر ایف کی ٹیمیں چوکس
نئی دہلی :خلیج بنگال کے جنوب مشرق میں دباؤ کے علاقہ نے جمعرات کو تیز رفتاری اختیار کرکے گردابی طوفان ’موچا‘ کی شکل لے لی ہے۔ گزشتہ چھ گھنٹوں کے دوران ’موچا‘ کو شمال مغرب کی طرف بڑھتے ہوئے دیکھا گیا ہے اور یہ پوری طرح سے ایک گردابی طوفان میںتبدیل ہو چکا ہے۔ اس دوران گردابی طوفان کی رفتار 8 کلو میٹر فی گھنٹہ رہی۔ گردابی طوفان ’موچا‘ کو دیکھتے ہوئے مشرقی ہندوستان کی ریاستوں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں مغربی بنگال میں این ڈی آر ایف کی ٹیمیں بھی تعینات کی گئی ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق این ڈی آر ایف کی تین ٹیمیں شمالی مدناپور میں تعینات ہیں۔’موچا‘ کی خطرناک شکل کو دیکھتے ہوئے تیاریوں کو پختہ کر لیا گیا ہے اور کوسٹ گارڈ ٹیم کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا یہ 12 مئی کی دوپہر تک خطرناک طوفان میں تبدیل ہو جائے گا۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ گردابی طوفان 14 مئی کی صبح بنگلہ دیش کے کاکس بازار اور میانمار کے ککپیو میں ٹکرا سکتا ہے۔ ساحل سے ٹکرانے کے دوران موچا کی رفتار 130 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے کا امکان ہے۔
