سمندری طوفان مزید خوفناک شکل اختیار کرگیا، گجرات میں شدید بارش کی وارننگ
بنگلورو؍ احمد آباد: سمندری طوفان ٹاؤکٹے کے زیراہتمام وسطی اور ساحلی کرناٹک کے علاقوں میں شدید بارش کے نتیجہ میں 6 افراد ہلاک ہوگئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کی رات سے اتراکنڑا، اوڈپی، چکمگلور اور شیواموگا اضلاع میں شدید بارش کے نتیجہ میں یہ واقعہ پیش آیا جس میں 4 افراد کی موت واقع ہوگئی۔ اگرچہ سمندری طوفان کا مرکز بحیرہ عرب کے جنوب مغرب میں 120 کیلو میٹر پر واقع ہے تاہم اس کی گوا، مہاراشٹرا اور گجرات کی سمت اتوار کی دوپہر تک پیشرفت ہونے کا امکان ہے۔ کرناٹک میں شدید بارش کے سبب تیز ہوائیں بھی چل رہی ہیں۔ تازہ اطلاعات کے مطابق 15 مچھیروں پر مشتمل کشتی جو گم ہوگئی تھی اس کا پتہ چل گیا ہے۔ بتایا گیا ہیکہ وہ کشتی منگلور کے ساحل پر ہے اور عملہ کے تمام افراد محفوظ ہیں۔ بحیرہ عرب میں اٹھا سمندری طوفان ٹاؤکٹے اب نہایت شدید (ویری سیویر) زمرہ کے طوفان میں تبدیل ہوگیا ہے اور اس کے آئندہ 24 گھنٹے میں مزید خوفناک شکل اختیار کرلینے اور 18 مئی کی صبح گجرات کے مہووا (بھاو نگر) اور پوربندر کے درمیان سے ساحل سے ٹکرانے کا اندازہ ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات سے آج موصولہ اطلاع کے مطابق یہ طوفان آج دوپہر 11:30 بجے گجرات کے ویراول ساحل سے 620 کیلو میٹر جنوب۔ جنوب مشرق میں واقع تھا۔ اس کے کل گجرات کے ساحل کے مزید قریب پہنچنے کے دوران ہواوں کی رفتار 155 سے لیکر 185 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہوسکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ساحلی گجرات میں بھاو نگر، گرسومناتھ، امریلی، پوربندر کے علاوہ احمد آباد، ودوڈرہ، بھروچ، ولساڈ وغیرہ میں شدید سے نہایت شدید بارش بھی ہوسکتی ہے۔سمندر میں اتار چڑھاو کی وجہ سے ماہی گیروں کو اس میں نہیں جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ گجرات کی بندرگاہوں پر بھی دو نمبر کی وارننگ سگنل لگا دیا گیا ہے۔ سمندری طوفان اور آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران شدید سے شدید ترین سمندری طوفان کے طورپر شدت اختیار کرلے گا۔ امکان ہے کہ یہ شمال شمال مغربی سمت کی سمت پیشقدمی کرتے ہوئے 18 مئی کی دوپہر یا شام کے درمیان گجرات کے ساحل پوربندر اور نالیا کو پار کرے گا۔