طوفان ٹاوکٹے سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ ‘ ہر ممکن اقدامات پر زور

,

   

جان و مال کا نقصان ٹالا جائے ۔ مرکزی کابینی سکریٹری کا اجلاس۔کئی وزارتوں کے سکریٹریز اور ریاستی چیف سکریٹریز کو ہدایات
نئی دہلی ۔ کابینی سکریٹری راجیو گوبا کی قیادت میں ایک اعلی سطح کی ٹیم نے دوپہر اجلاس منعقد کرتے ہوئے پانچ ریاستوں گجرات ‘ مہاراشٹرا ‘ گوا ‘ کرناٹک اور کیرالا میں طوفان ٹاوکٹے سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ ان ریاستوں کو طوفان کا خطرہ لاحق ہے جو ملک کے مغربی ساحلی علاقوں اور گجرات کی سمت بڑھ رہا ہے ۔ داخلہ ‘ توانائی ‘ شپنگ ‘ ٹیلیکام ‘ شہری ہوابازی ‘ فشریز وزارتوں کے سکریٹریز کے علاوہ ریلوے بورڈ کے صدر نشین ‘ ایم ڈی ایم اے کے رکن سکریٹری اور دوسرے عہدیداروں نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔ محکمہ موسمیات کے بموجب طوفان ٹاوکٹے شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہوگیا ہے اور یہ 18 مئی کو صبح کی اولین ساعتوں تک ساحل گجرات کو پار کر جائیگا ۔ آج دو پہر ایک ٹوئیٹ کرتے ہوئے محکمہ موسمیات نے کہا کہ انتہائی سنگین سمندری طوفان ٹاوکٹے مشرقی بحیرہ عرب میں سرگرم ہے اور اس میں مزید شدت کے اندیشے بھی پائے جاتے ہیں۔ کابینی سکریٹری راجیو گوبا کی جانب سے منعقدہ اجلاس میں محکمہ موسمیات کے سربراہ نے کہا کہ یہ طوفان 150 تا 160 گھنٹہ فی کیلومیٹر رفتار والی ہواوں کے ساتھ گجرات پہونچے گا ۔ شدید بارش ہوگی اور ریاست کے ساحلی اضلاع میں طوفان کی صورتحال پیدا ہوجائے گی ۔ متعلقہ ریاستوں کے چیف سکریٹریز نے تیاری کے اقدامات کی ذمہ دار مرکزی کمیٹی کو ریاستوں میں کئے جانے والے اقدامات سے واقف کروایا ۔ انہوں نے بتایا کہ ان ریاستوں میں غذائی اجناس اور پینے کے پانی کے وافر ذخائر موجود ہیں۔ دوسری ضروری سپلائز بھی تیار رکھی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں برقی اور ٹیلی مواصلات جیسی بنیادی خدمات کو برقرار رکھنے کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس نے اس دوران بتایا کہ اس نے پانچ ریاستوں میں جملہ 79 ٹیموں کو یا تو متعین کیا ہے یا پھر انہیں تیار رکھا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ 22 اضافی ٹیموں کو بھی تیار رہنے کو کہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ فوج ‘ بحریہ اور کوسٹ گارڈ کی جانب سے کشتیوں اور طیاروں کی مدد سے ریلیف اور امدادی کام کاج کا منصوبہ بھی تیار کرلیا گیا ہے ۔ ریاستوں کے عہدیداروں سے خطاب میں مسٹر راجیو گوبا نے کہا کہ سائیکلون سے متاثرہ ہونے والے علاقوں سے عوام کا تخلیہ کروانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ طوفان کی صورت میں جان و مال کے نقصان کو کم سے کم کرنے پر توجہ کرتے ہوئے اقدامات ہونے چاہئیں۔ محکمہ موسمیات نے گجرات اور دن و دیو کے ساحلوں کیلئے زرد وارننگ جاری کی ہے ۔ محکمہ نے پیش قیاسی کی ہے کہ گجرات کے انتہائی جنوب کے علاقوں میں17 مئی کو شدید بارش ہوسکتی ہے ۔ مچھیروں سے کہا گیا ہے کہ وہ کرناٹک اور آس پاس کے علاقوں میں 17 مئی تک سمندر میں جانے سے گریز کریں۔ علاوہ ازیں مہاراشٹرا ‘ گوا اور گجرات کے مچھیروں سے کہا گیا ہے کہ وہ 18 مئی تک سمندر میں نہ جائیں۔ یہ اندیشے ظاہر کئے جا رہے ہیں کہ طوفان کے نتیجہ میں گجرات اور دمن و دیپ کے کئی ساحلی علاقے زیر آب آسکتے ہیں۔ کرناٹک میں طوفان سے چھ اضلاع اب تک متاثر ہوچکے ہیں اور چار افراد فوت ہونے کے علاوہ 73 گاوں بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔