واشنگٹن۔30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعرات کو ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہفتہ کے آخر میں اپنے پولینڈ کے دورہ کو منسوخ کررہے ہیں تاکہ وہ طوفان ڈوریان کی فلوریڈا میں پیشرفت کے موقع پر ملک میں ہی موجود رہیں۔ وائٹ ہائوز میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اس بات کے خواہاں ہیں کہ حکومت کے تمام وسائل اس وقت طوفان ڈوریان پر مرکوز ہونے چاہئے اور اس کے لیے ضروری ہے کہ وہ خود (ٹرمپ) ملک میں موجود رہیں۔ البتہ پولینڈ کے دورہ پر وہ اپنے نائب یعنی مائک پنس کو روانہ کررہے ہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ ہوسکتا ہے کہ طوفان خطرناک نوعیت کا ہو اور ایسی صورت میں ملک کے سربراہ کو ملک میں ہی رہنا چاہئے کیوں کہ کسی بھی مصیبت کے وقت عوام ملک کے سربراہ کی جانب ہی دیکھتے ہیں۔ لہٰذا وہ (ٹرمپ) امریکہ میں ہی رہیں گے اور مائک پنس پولینڈ جارہے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ طوفان ڈوریان پیر تک فلوریڈا پہنچ جائے گا۔ شدید بارش کے علاوہ ہوائوں کی رفتار 209 کیلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔
