طوفان کی وجہ سے قومی ٹیم میں تبدیلی ، ہرشیت پہلی بار شامل

   

نئی دہلی ۔ ہندوستانی ٹیم کو 6 جولائی سے زمبابوے کے خلاف 5 میچوں کی ٹی20 سیریز کھیلنی ہے۔ اس سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم زمبابوے روانہ ہوگئی ہے لیکن کچھ کھلاڑی ویسٹ انڈیز میں ہیں جو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنے گئے تھے لیکن خراب موسم کی وجہ سے یہ کھلاڑی وقت پر زمبابوے نہیں پہنچ پائیں گے۔ ان حالات میں بی سی سی آئی نے پہلے دو میچوں کے لیے ہندوستانی ٹیم کے اسکواڈ میں تبدیلیاں کی ہیں۔ سائی سدرشن، جیتیش شرما اور ہرشیت رانا کو زمبابوے کے خلاف پہلے دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے ہندوستانی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ کھلاڑی سنجو سیمسن، شیوم دوبے اور یشسوی جیسوال کی جگہ لیں گے۔ دراصل سنجو سیمسن، شیوم دوبے اور یشسوی جیسوال بارباڈوس سے براہ راست ہندوستان آئیں گے اور پھر وہ بعد میں زمبابوے جائیں گے۔ سائی سدرشن اور جیتیش شرما اس سے پہلے ہندوستانی ٹیم کا حصہ رہ چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ہرشیت رانا کو پہلی مرتبہ ہندوستانی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ہرشیت رانا نے آئی پی ایل 2024 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے 12 میچوں میں 19 وکٹیں حاصل کیں اورکولکتہ نائٹ رائیڈرزکو چمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اب انہیں اس کارکردگی کا ثمر ملا ہے۔ زمبابوے کے خلاف پہلے دو ٹی 20 میچوں کے لیے ہندوستان کا ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:
شبمن گل (کپتان)، رتوراج گائیکواڑ، ابھیشیک شرما، رنکو سنگھ، دھرو جورل (وکٹ کیپر)، ریان پراگ، واشنگٹن سندر، روی بشنوئی، اویس خان، خلیل احمد، مکیش کمار، تشار دیش پانڈے، سائی سدرشن، جیتیش شرما (وکٹ کیپر) اور ہرشیت رانا۔
آخری تین میچوں کے لیے ہندوستان کی ٹیم:
شبمن گل (کپتان)، یشسوی جیسوال، رتوراج گائیکواڑ، ابھیشیک شرما، رنکو سنگھ، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، دھرو جورل (وکٹ کیپر)، شیوم دوبے، ریان پراگ، واشنگٹن سندر، روی بشنوئی، اویس خان، خلیل احمد، مکیش کمار اور تشار دیش پانڈے۔