طوفان کے بعد آم کی فصل کو زبردست نقصان

   

نئی دہلی : ساحلی علاقوں میں گردابی طوفان ‘تاؤتے ‘ اور میدانی علاقوں میں ریڈ بینڈیڈ کیٹرپلر کیڑوں کے حملوں کی وجہ سے آم کے باغ کے کاشتکاروں کو بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔مہاراشٹرا اور گجرات میں ہونے والے تباہ کن طوفان نے پھلوں کے راجہ آم الفانسو اور کیسر قسم کو زبردست نقصان ہوا ہے جسے کسان برسوں تک یاد رکھیں گے ۔ طوفان سے نہ صرف پھلوں کو نقصان ہوا ہے بلکہ درخت بھی جڑ سے اکھڑ گئے ہیں جس نقصانات کی بھرپائی میں برسوں لگیں گے ۔سنٹرل ٹراپیکل ہارٹی کلچرل انسٹی ٹیوٹ (سی آئی ایس ایچ) کے ڈائریکٹر شیلندر راجن نے بتایا کہ مہاراشٹر اور گجرات میں آم کی فصلوں کو بہت نقصان ہوا ہے ۔ الفانسو کو ریاست خاص طور پر رتناگری اور کونکن علاقے میں زبردست نقصان ہوا ہے ۔ الفانسو پکنے لگا تھا اور کچھ کاشتکاروں نے اسے بازار میں بھی اتار دیا تھا۔ گجرات کے بلساڑ اور گری علاقے میں کیسر قسم کے آم کو بھی زبردست نقصان ہوا ہے۔ گجرات سے موصولہ رپورٹ کے مطابق طوفان کے باعث سومناتھ ، امریلی اور جوناگڑھ اضلاع میں کیسر آم کو بہت نقصان ہوا ہے ۔ تلالا مارکیٹنگ یارڈ کی ایک رپورٹ کے مطابق کیسر آم کی 45 فیصد فصل کو کسانوں نے درخت سے توڑ لیاتھا جبکہ 55 فیصد کو توڑنا باقی تھا۔