طویل قامت بس کنڈکٹر امین احمد انصاری کو چیف منسٹر ریونت ریڈی کی راحت

   

کارپوریشن کے کسی اور شعبہ میں خدمات کی ہدایت، بس کنڈکٹر کے طور پر آر ٹی سی میں دشواری
حیدرآباد ۔ 7 ۔ اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آر ٹی سی کے طویل قامت بس کنڈکٹر امین احمد انصاری کو راحت دیتے ہوئے انہیں کنڈکٹر کے بجائے کارپوریشن میں کسی اور عہدہ پر فائز کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ امین احمد انصاری کی تصویر سوشیل میڈیا میں وائرل ہوئی جس میں بتایا گیا کہ 6 فٹ کی بس میں 7 فٹ کے کنڈکٹر کو خدمات کی انجام دہی میں دشواریوں کا سامنا ہے ۔ سوشیل میڈیا میں اس بارے میں تصویر وائرل ہونے کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی نے امین احمد انصاری کو کارپوریشن میں کسی اور عہدہ پر فائز کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ سوشیل میڈیا پلیٹ فارم X پر چیف منسٹر نے وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کو یہ مشورہ دیا۔ پونم پربھاکر نے مینجنگ ڈائرکٹر سجنار کو ہدایت دی کہ امین احمد انصاری کو بس کنڈکٹر کے بجائے کارپوریشن میں کسی اور عہدہ پر فائز کیا جائے۔ امین انصاری کا تعلق شاہین نگر چندرائن گٹہ علاقہ سے ہے، ان کے والد کاچی گوڑہ ڈپو میں ہیڈ کانسٹبل کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ 2021 میں علالت کے باعث والد کا انتقال ہوگیا جس پر امین احمد انصاری کو مہدی پٹنم ڈپو میں کنڈکٹر کی ملازمت دی گئی ۔ 7 فٹ کے امین انصاری کو آر ٹی سی بس میں کنڈکٹر کے طور پر خدمات انجام دینے میں دشواری پیش آرہی تھی کیونکہ بس 6 فٹ کی ہوتی ہے ۔ روزانہ تقریباً 10 گھنٹوں تک کنڈکٹر کی خدمات انجام دینا انصاری کے لئے دشوارکن بن چکا تھا ۔ سوشیل میڈیا میں جیسے ہی یہ نیوز وائرل ہوئی چیف منسٹر نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کسی اور شعبہ میں خدمات فراہم کرنے کی ہدایت دی ۔ 1