طیاروں میں بم کی جھوٹی اطلاعات ‘ایر لائنس کو 1230 کروڑ کا نقصان

   

دو ہفتوں میں 400 سے زائد کالس ، مرکزی حکومت کے لیے ایک بڑا چیلنج
حیدرآباد یکم ۔ نومبر ( سیاست نیوز ) ملک میں ایسا لگتا ہے کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت طیاروں ، تجارتی اداروں اور ہوٹلوں میں بم کی جھوٹی اطلاعات دی جارہی ہیں اور گذشتہ 17 دن میں کم از کم 410 پروازوں میں بم رکھنے کی اطلاعات دی گئی جو تحقیقات کے بعد جھوٹی ثابت ہوئی ان کالس کے نتیجہ میں شہری ہوا بازی کی کمپنیوں کو ہزاروں کروڑ روپئے کا نقصان ہوا ۔ جو لوگ طیاروں میں بم کی جھوٹی اطلاعات دیتے ہیں انہیں یہ نہیں پتہ کہ ان کا ایک جھوٹا کال ایر لائنس کیلئے تین کروڑ کے نقصان کا باعث بنتا ہے ۔ شہری ہوا بازی کے ماہرین کا دعویٰ ہے کہ ایک Hoax Call سے تین کروڑ روپئے کا نقصان ہوتا ہے ۔ اس طرح اگر پچھلے 17 دنوں میں جھوٹے کالس کا جائزہ لیں تو پتہ چلتا ہے کہ شہری ہوا بازی کی کمپنیوں کو 1230 کروڑ روپئے کا نقصان برداشت کرنا پڑا ۔ صرف راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ حیدرآباد کو ایک ہفتہ میں موصول Hoax Call سے اس ایرپورٹ سے جن شہری ہوا بازی کی کمپنیوں کی پروازیں اڑان بھرتی ہیں انہیں 24 کروڑ کا نقصان ہوا ۔ آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی صرف پیر کو ایک دن میں 60 طیاروں میں بم رکھنے کی اطلاعات موصول ہوئی جو انتہائی تشویش کی بات ہے اور مرکزی حکومت کے لیے بہت بڑا چیلنج ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایر انڈیا ، انڈیگو اور وستارہ جیسی ایر لائنس کمپنیوں کے طیاروں میں بم کی دھمکیاں موصول ہورہی ہیں ۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ مرکز اس خطرناک رجحان سے کس طرح نمٹتا ہے ۔ حال میں مرکزی وزارت انفارمیشن ٹکنالوجی نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارمس پر زور دیا تھا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرکے ان غلط اور گمراہ کن معلومات کو حذف کردیں جس سے لوگوں میں بے چینی اور خوف پیدا ہوتا ہو یہ بھی کہا جارہا ہے کہ ایر لائنس کو دھمکیاں دینے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے قانون سازی کی جائے گی ۔ مرکزی وزیر شہری ہوا بازی کے رام موہن نائیڈو نے کہا کہ طیاروں میں بم رکھنے کی جھوٹی دھمکیاں دینے والوں پر سفری پابندی عائد کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے ۔۔ 2