ممبئی، 12 جون (یواین آئی) ٹاٹا گروپ نے احمد آباد میں ایئر انڈیا کے ہوائی جہاز حادثہ میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو ایک‘ ایک کروڑ روپے نقد امدادی رقم فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ ٹاٹا سنز کے چیئرمین این. چندر شیکھرن نے ‘ایکس’ پر ایک بیان میں ایئر انڈیا کی احمد آباد سے لندن کی پرواز نمبر 171 کے المناک حادثے پر گروپ کی طرف سے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹاٹا گروپ اس سانحے میں جان گنوانے والے ہر شخص کے ورثا کو فی کس ایک کروڑ روپے دے گا۔ ہم زخمی افراد کے علاج کا مکمل خرچ اٹھائیں گے اور یہ یقینی بنایا جائے گا کہ انہیں مکمل مدد ملے اور ان کا خیال رکھا جائے ۔چندر شیکھرن نے اس کے علاوہ احمد آباد کے بی جے میڈیکل کے ہاسٹل بلڈنگ کی تعمیر نو میں مدد کابھی اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹاٹا گروپ اس ناقابل تصور دکھ کے وقت میں متاثرہ خاندانوں اور کمیونٹیز کے ساتھ کھڑا ہے ۔واضح رہے کہ ایئر انڈیا کا آپریشن ٹاٹا گروپ کے ہاتھ میں ہے ۔
احمد آباد کے ہوائی جہاز کے حادثہ کا شکار ڈریم لائنر بوئنگ 787 طیارے میں 230 مسافر اور عملے کے دو پائلٹس سمیت 12 ارکان سوار تھے ۔
طیارہ حادثہ پر عالمی رہنماؤں کا اظہار افسوس
نئی دہلی۔ 12 جون (یواین آئی) احمد آباد ہوائی اڈے کے قریب 242 افراد کو لے کر لندن جانے والے ایئر انڈیا کے طیارے کے حادثہ پر دنیا بھر کے کئی رہنماؤں نے گہرے صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے اسے المناک قرار دیا۔ برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے کہا ہے کہ یہ حادثہ انتہائی افسوسناک ہے ۔لندن جانے والے طیارے میں کئی برطانوی شہری بھی سوار تھے ۔برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی کا کہنا ہے کہ ہندوستانی حکام کے ساتھ مل کر حقائق معلوم کرنے پر کام کر رہے ہیں۔اس دوران ہندوستان میں برطانوی ہائی کمیشن نے کہا کہ کسی بھی برطانوی شہری کو اگر قونصلر امداد کی ضرورت ہے یا جنہیں اپنے دوستوں یا خاندان کے بارے میں فکر ہے وہ ہائی کمیشن کی ویب سائٹ کے مطابق ( 5000 0207008 ) پر رابطہ کریں۔ دریں اثنا، ہندوستان میں روس کے سفیر ڈینس علیپوف نے اس واقعے کو ‘انتہائی افسوسناک آفت’ قرار دیا۔ روسی صدر ولادیمیر پوتن نے ہندوستان میں طیارہ حادثے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری ہمدردیاں طیارہ حادثہ کے متاثرین کے ساتھ ہیں۔فرانسیسی صدر میکرون نے ہندوستان میں طیارہ حادثے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ احمد آباد میں طیارہ گرنے کے افسوس ناک حادثے کا علم ہوا، دکھ کے ان لمحات میں میری دلی ہمدردیاں متاثرین کے ساتھ ہیں۔آسٹریلوی وزیرِ اعظم انتھونی البانیز نے طیارہ حادثہ پر اظہارِ افسوس کیا اور کہا کہ مسافر طیارہ گرنے کی خبر بہت درد ناک ہے ۔
نواز شریف، بلاول بھٹو اور خواجہ آصف کا طیارہ حادثہ پر اظہار افسوس
اسلام آباد، 12 جون (یو این آئی) پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے صدر میاں نواز شریف، بلاول بھٹو زرداری اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے ہندوستان میں طیارہ حادثے اور اس میں ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ نواز شریف نے ایکس پر اپنے پیغام میںکہا کہ یہ المناک سانحہ سرحدوں سے بالاتر ہے اور ہمیں مشترکہ انسانیت کی یاد دلاتا ہے ۔ انہوں نے وزیر اعظم مودی اور ہندوستان کے عوام سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔چیئرمین پیپلزپارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج احمد آباد کا حادثہ افسوسناک ہے۔ وزیردفاع خواجہ آصف نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ اس المناک حادثے پر ہمیں گہرا دکھ ہے اور ہم طیارے میں سوار افراد کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔
طیارہ حادثہ: فوج مقامی
انتظامیہ کی مدد کیلئے پہنچ گئی
نئی دہلی 12 جون (یواین آئی) احمد آباد میں جمعرات کو پیش آئے ہولناک طیارے کے حادثے کے بعد ہندوستانی فوج بھی مدد کے لیے آگے آئی ہے اور فوج کے اہلکار امدادی اور بچاؤ کے کاموں میں سیول انتظامیہ کی مدد کر رہے ہیں۔فوج کے مطابق احمد آباد میں ایئر انڈیا کے طیارے کے حادثے کے بعد سیول انتظامیہ کی انسانی بنیادوں پر امداد اور آفات سے نمٹنے کی کوششوں میں مدد کیلئے فوج کے 130 اہلکاروں کی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔
کرشمہ کپورکے سابق شوہر کا دیہانت
ممبئی : /12 جون (ایجنسیز) فلمسٹار کرشمہ کپور کے سابق شوہر اور مشہور صنعت کار سنجے کپور کا دیہانت ہوگیا ۔ وہ انگلینڈ کے گارڈز پولو کلب میں پولو کھیل رہے تھے کہ قلب پر حملہ سے ان کی موت ہوگئی ۔ ان کی عمر 53 سال تھی ۔ 2003 ء میں کرشمہ کپور سے ان کی شادی ہوئی تھی اور ان کے بچے ہیں جبکہ 2016 ء میں ان کا طلاق ہوگیا ۔
طیارہ حادثہ کے بعد بوئنگ کمپنی کے شیئرز گر گئے
واشنگٹن۔ 12 جون (یو این آئی)ہندوستان کے شہر احمد آباد میں مسافر طیارے کے حادثہ کے بعد عالمی مارکیٹ میں بوئنگ کمپنی کے شیئر 8 فیصد تک گر گئے ۔ طیارہ حادثہ میں عملے کے ارکان سمیت241 مسافر ہلاک ہوگئے ۔طیارے میں 169 ہندوستانی ، 53 برطانوی، ایک کینیڈین اور 7 پرتگالی مسافر سوار تھے ۔ڈی جی سیول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ طیارہ گرنے سے قبل 1 بج کر 39 منٹ پر کیپٹن نے مے ڈے کی کال دی تھی۔