طیارہ حادثے کی تحقیقات کیلئے ماہرین کی آمد

,

   

Ferty9 Clinic

اسلام آباد۔26 مئی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) جمعے کو کراچی میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 8303 کے حادثے کے بعد تحقیقات کا عمل جاری ہے۔طیارہ ساز کمپنی ایئر بس کے فرانسیسی ماہرین کی ٹیم بھی منگل کی صبح پاکستان پہنچ گئی ہے۔ ایئر بس بنانے والی کمپنی کے ماہرین کی 11 رکنی ٹیم خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی پہنچی۔ٹیم کے ماہرین حادثے کی جگہ کا دورہ اور پاکستان میں حادثے کی تحقیقات کرنے والی ٹیم کو تیکنیکی معاونت فراہم کریں گے ۔ماہرین طیارہ حادثے کی جگہ جناح گارڈن کے دورے کے علاوہ رن وے کا بھی معائنہ کریں گے، جہاں طیارے نے لینڈنگ کی پہلی کوشش کی تھی۔ماہرین کی ٹیم اپنے ساتھ جہاز کا بلیک باکس بھی فرانس لے کر جائے گی کیوں کہ پاکستان کے پاس بلیک باکس کو ڈی کوڈ کرنے کی سہولت موجود نہیں ہے۔فرانس کے شہر تولوز میں قائم ایئر بیس کی لیبارٹری میں بلیک باکس ڈی کوڈ کرنے کے بعد مکمل ڈیٹا اور تمام تفصیلات حاصل کی جائیں گی۔ جو پاکستان کی تحقیقاتی ٹیم کو فراہم کی جائیں گی۔لاہور سے کراچی جانے والا پی آئی اے کا طیارہ لینڈنگ سے کچھ دیر قبل رن وے سے ملحقہ آبادی پر گر کر تباہ ہو گیا تھا۔