طیارہ میں ارنب گوسوامی پر طنز ‘ کامیڈین پر پابندی !

   

نئی دہلی 28 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ٹی وی اینکر ارنب گوسوامی کو آج ایک پرواز میں تلخ تجربہ کا سامنا کرنا پڑا جب اسٹانڈ اپ کامیڈین کنال کامرا نے ممبئی ۔ لکھنو پرواز کے دوران ان پر طنز کیا اور جملے کسے ۔ اس واقعہ کے بعد انڈیگو ائر لائینس نے کنال کامرا کے اپنے ساتھ پرواز کرنے پر چھ ماہ کی پابندی عائد کردی ہے ۔ کنال کامرا کا ارنب گوسوامی کو طیارہ میں دوران پرواز گھیرنے کا ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیا تھا جس میں کنال ارنب سے کئی سوال پوچھ رہے ہیں اور ان کے ٹی وی شو کا حوالہ دے رہے ہیں تاہم ارنب سیاہ چشمہ آنکھوں پر لگائے خاموشی سے بیٹھے رہے ۔ بعد ازاں انڈیگو ائر لائینس نے کنال کامرا کے پرواز کرنے پر چھ مہینوں کیلئے پابندی عائد کردی ہے ۔ وزیر شہری ہوابازی ہردیپ سنگھ پوری نے بھی اس واقعہ کا نوٹ لیا اور ملک کی دوسری ائر لائینس کو بھی مشورہ دیا کہ وہ کنال کامرا پر اسی طرح کی پابندی عائد کردیں ۔