طیارہ ٹیک آف کے دوران تباہ، 18 ہلاک، پائلٹ بچ گیا

,

   

کھٹمنڈو: نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں بدھ کی صبح ایک مسافر طیارہ ٹیک آف کے دوران گر کر تباہ ہو گیا ہے جس میں 18 افراد ہلاک ہو گئے ہیں تاہم پائلٹ زندہ بچ گیا ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نیپالی پولیس کے ترجمان دان بہادر نے کہا ہیکہ سوریا ایئرلائنز کی پرواز میں عملے کے دو ارکان اور کمپنی کے 17 ارکان ایک آزمائشی پرواز کیلئے سوار تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ ’پائلٹ کو بچا لیا گیا ہے اور ان کا علاج کیا جا رہا ہے۔ اٹھارہ لاشیں مل گئی ہیں جن میں ایک غیرملکی بھی شامل ہے۔نیپال کی فوج نے ایک بیان میں کہا ہیکہ سوریا ایرلائنز کا طیارہ مقامی وقت کے مطابق صبح سوا 11 بجے تباہ ہوا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ امدادی سرگرمیوں میں فوج کی ریپڈ رسپانس ٹیم نے بھی حصہ لیا۔کھٹمنڈو ایئرپورٹ کے جنرل منیجر جگن ناتھ نیرولا نے بتایا کہ مزید تفصیلات کے بارے میں آگاہ کر دیا جائے گا۔کھٹمنڈو پوسٹ اخبار نے کہا ہیکہ طیارے میں عملے سمیت 19 افراد سوار تھے۔ روزنامہ خبرہَب نے رپورٹ کیا کہ رن وے پر پھسلنے کے بعد طیارے میں آگ لگ گئی تھی، جس سے دھواں نکل رہا تھا۔ طیارہ کھٹمنڈو سے ایک اہم سیاحتی مقام پوکھارا جا رہا تھا۔ سوریا ایئرلائنز کے پاس بمبارڈیئر سی آر جی 200 جیٹ ہیں۔حالیہ برسوں میں نیپال کی فضائی صنعت عروج پر پہنچی ہے۔ فضائی سروس کے ذریعے دوردراز علاقوں تک لوگوں اور سامان کو پہنچایا جاتا ہے۔ تاہم نیپال کی فضائی سروس ناکافی تربیت اور ناقص حفاظتی اقدامات کی وجہ سے مشکلات سے دوچار ہے۔