طیارے میں تکنیکی خرابی، جرمن وزیرخارجہ کے دورہ میں تاخیر

,

   

ابوظہبی: ایسا پہلی بار نہیں ہے کہ طیارے میں مسائل کی وجہ سے جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئر بوک کی سفارت کاری کی کوششوں میں خلل پڑا ہو۔ اس بار بعض تکنیکی مسائل کی وجہ سے آسٹریلیا جانے والی ان کی پرواز کو ابوظہبی میں رکنا پڑ گیا۔جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک 14 اگست پیر کی صبح ابوظہبی میں اس وقت پھنس گئیں، جب ان کے طیارے کو بعض تکنیکی خرابیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ جرمن وزیر خارجہ بیئربوک بحرالکاہل امور سے متعلق ایک ہفتہ طویل اپنے سفر کے آغاز کیلئے آسٹریلیا جا رہی تھیں۔ اس دورے کے دوران وہ نیوزی لینڈ اور فیجی میں بھی رہنماؤں سے بات چیت کریں گی۔ابوظہبی میں ایندھن بھرنے کیلئے رکنے کے بعد بیئربوک اور ان کے وفد کو لے جانے والی فلائٹ میں ایندھن کا کچھ مسئلہ پیدا ہوا، جسے راستے سے ہی واپس موڑنا پڑا اور جہاز ابو ظہبی واپس آ گیا۔ جرمن دفتر خارجہ کے ترجمان سیباستیان فشر، جو اسی جہاز میں موجود تھے، نے وضاحت کی، ’’تکنیکی خرابی کی وجہ سے ہمیں حفاظتی وجوہات کی بنا پر ابوظہبی واپس جانا پڑا۔ مزید سفری انتظامات کے لیے فی الحال آپشن پر بات ہو رہی ہے۔‘‘وزیر خارجہ کے ساتھ سفر کرنے والے صحافی پیٹرک ڈیک مین نے ایکس (ٹوئٹر) پر لکھا کہ پہلے طیارے میں ہونے والی خرابی اور نقصان کا تعین کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عملہ لیبر قوانین کی وجوہات کی بنا پر فوری طور پر پرواز جاری نہیں رکھ سکا۔