حیدرآباد : بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد ایٹالہ راجندر اپنے حامیوں کے ساتھ حیدرآباد پہنچ گئے ۔ صبح میں ان کے خصوصی طیارے میں ٹیکنیکی خرابی پیدا ہوگئی تھی تاہم پائیلٹ کی چوکسی کے باعث خطرہ ٹل گیا ۔ واضح رہے کہ سابق وزیر ایٹالہ راجندر کل دہلی پہنچ کر بی جے پی میں شامل ہوگئے تھے ۔ آج وہ اپنے حامیوں کے ساتھ دہلی سے خصوصی طیارے کے ذریعہ حیدرآباد واپس ہورہے تھے ۔ رن وے پر پائیلٹ نے طیارے میں ٹیکنیکی خرابی کو محسوس کیا اور فوری چوکسی اختیار کی ۔ ٹیکنیکی مسائل دور ہونے کے بعد ایٹالہ راجندر حیدرآباد پہنچے اس طیارے میں 160 افراد سوار تھے ۔ حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر ایٹالہ راجندر کے حامیوں نے ان کا شاندار خیرمقدم کیا ۔ ایرپورٹ پر ایٹالہ کے حامیوں اور پولیس میں بحث و تکرار ہوگئی ۔ جس کی بی جے پی کے رکن اسمبلی این رگھونندن راؤ نے سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے پروٹوکول سے ہم بھی واقف ہیں لیکن پولیس کورونا کے بہانے جو تحدیدات عائد کررہی ہے وہ غلط ہے ۔ ایٹالہ راجندر بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں ان کے حامیوں میں جوش و خروش پایا جاتا ہے ۔ایٹالہ راجندر کے حامیوں نے انہیں بڑی ریالی میں شاہ میر پیٹ پر واقع ان کے قیام گاہ کو پہنچایا ۔
اگر اس طرح زیادتیاں جاری رہے تو دوباک کی طرح حضور آباد میں بھی بی جے پی کی کامیابی کو کوئی طاقت روک نہیں سکتی ۔