طیب اردغان جھوٹے سپنوں کے سوداگر :داود اوگلو

   

انقرہ : ترکی کی حزب اختلاف فیوچر پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم احمد داود اوگلو نے حکمراں جماعت ’’آق‘‘کی حالیہ کانفرنس کی سامنے آنے والی ان تصاویر پر تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ اجلاس میں کورونا وبا کے ایس اوپیز کا کوئی خیال نہیں کیا گیا حالانکہ اس وقت کورونا وبا اپنے عروج پر ہے۔ کانفرنس کے شرکا نے سماجی دوری اختیار نہیں کی۔ انہوں نے ملک میں اصلاحات کے حوالے سے صدر طیب اردغان کی پالیسیوں پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ صدر اردغان صرف خواب بیچ رہے ہیں۔ایک تقریب سے خطاب میں احمد داود اوگلو نے کہا کہ حکومت کے پاس خوابوں کو فروخت کرنے کے سوا کچھ نہیں بچا ہے۔ انہوں نے صدر اردغان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب ایسے کیسز نہیں بچے جن کی آڑ میں آپ استحصال کرسکتے ہیں۔ آپ حقائق کے مطابق کام نہیں کررہے ہیں۔ آپ نے سرکاری انتظامیہ کو سیریز میں تبدیل کردیا ہے۔ جو ٹی وی چینلز کے سامنے آپ کے خواب بیچ رہے ہیں۔انہوں نے مرکزی بنک کے گورنر ناجی اغبال کی برطرفی پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم گذشتہ ہفتے پورے ترکی میں آدھی رات کو ایک زلزلے سے گذرے۔ یہ معاشی زلزلہ ، غیر معقول عمل تھا جسے کوئی ذہن قبول نہیں کرسکتا ہے۔