کورٹلہ /5 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ایک ظالم شوہر نے شادی کے 10 ماہ بعد ہی بیوی کے کردار پر شک کرتے ہوئے اسے کنال میں دھکیل کر ہلاک کردیا۔ یہ دل دہلا دینے والا واقعہ جگتیال ضلع میں پیش آیا ۔ اطلاعات کے مطابق جگتیال ضلع کے کورٹلہ ٹاون کے کنگم پیٹ سے تعلق رکھنے والے عبدالضمیر کی شادی 10 ماہ قبل جگتیال کے محلہ رحمت پورہ کی رہنے والی 21 سالہ ساجدہ بیگم سے ہوئی تھی ۔ کورٹلہ پولیس کے مطابق ضمیر اپنی بیوی کے کردار پر شک کرتا تھا ۔ اس کو شبہ بھی تھا ساجدہ فون پر دوسروں سے بات کرتی ہے ۔ اسی شک میں اس نے ساجدہ کو کورٹلہ کے قریب کتھلاپور علاقے کے ایک کنال میں لے گیا اور اسے پانی میں دھکیل کر ہلاک کردیا ۔ اور وہاں سے واپس آگیا ۔ ساجدہ کی ماں عرفانہ بیگم نے بیٹی کے سیل فون پر کئی مرتبہ کال کیا لیکن اس کا فون بند بتا رہا تھا ۔ جس پر اس نے داماد سے ربط پیدا کیا ۔ اس نے بھی تسلی بخش جواب نہیں دیا ۔ جس پر عرفانہ بیگم نے پولیس میں بیٹی کے گمشدگی کی شکایت درج کروائی ۔ جس پر پولیس نے شک کی بنیاد پر شوہر ضمیر کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کی جس پر ضمیر نے سارا واقعہ پولیس کے سامنے بیان کیا ۔ پولیس نے ضمیر کو کنال کے پاس لے جاکر ساجدہ بیگم کی نعش نکالی اور ضمیر کو گرفتار کرلیا ۔