ظلم کے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کا نام ’’ خامنہ ای ‘‘ : عامر علی خان

   

امریکہ اور اسرائیل مسلمانوں میں مسلکی رخنہ پیدا کرنے کوشاں۔ نیوز ایڈیٹر سیاست کا بیان

حیدرآباد۔یکم مارچ (سیاست نیوز) ایران اور دیگر مسلم ممالک میں رسہ کشی کی صورتحال کو مسلکی بنیادوں پر تقسیم کرکے دیکھنا امت کے واحدہ کے تصور کو پامال کرنے کے مترادف ہے۔ نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خان نے سپریم لیڈر ایران آیت اللہ خامنہ کی شہادت پر اسرائیل اور امریکہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہ مغربی دنیا اور اسرائیل منظم سازش کے ذریعہ خلیجی و مشرقی وسطیٰ ممالک میں جنگی حالات پیدا کرکے مسلمانوں کے درمیان مسلکی بنیادوں پر رخنہ پیدا کرنے کی کوشش میں مصروف ہے۔ جناب عامر علی خان نے آیت اللہ خامنہ ای کو محض ایران یا شیعہ روحانی پیشوا قرار دینے سے گریز کا مشورہ دیا اور کہا کہ ظلم کے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کا نام ’’خامنہ ای ‘‘ ہے کیونکہ آیت اللہ خامنہ ای نے اپنی زندی میں جو شناخت بنائی وہ انتہائی معتبروسخت موقف کی حامل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران ہی نہیں بلکہ دنیا کے بیشتر ممالک میں خامنہ ای کے اصولوں کا احترام کرنے والوں کی بڑی تعداد ہے ۔ جناب عامر علی خان نے آیت اللہ کی شہادت کے بعد دنیا کے مختلف ممالک اور ہندوستان بھر میں احتجاج پر کہا کہ دنیا بھر میں پہلی مرتبہ کسی مذہبی رہنماء کے خلاف اسرائیلی اور امریکی کاروائیوں پر اس قدر شدید ردعمل دیکھا گیا ہے اور حکومت ہند کی جانب سے اب تک روایتی مذمت بھی نہیں کی گئی جو انتہائی افسوسناک ہے۔ نیوز ایڈیٹر سیاست نے بتایا کہ ہندوستانی اپوزیش قائدین کے آیت اللہ خامنہ ای کی موت پر ردعمل اور حکومت کی خاموشی کو نوٹ کیا جارہا ہے ۔ جناب عامر علی خان نے بتایا کہ ہند۔ایران تہذیبی ‘ ثقافتی ‘ سفارتی و تجارتی تعلقات کی ایک طویل تاریخ ہے اس کے باوجود حکومت ہند کی جانب سے آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر ردعمل میں تاخیر سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ قائد اپوزیش راہول گاندھی وزیر اعظم کے متعلق جو کہہ رہے ہیں وہ درست ہے ۔ انہوں نے حکومت ہند کی خاموشی کو امریکہ اور اسرائیل کے خوف پر محمول کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت ایران ہی بلکہ دنیا میں ایک نئی تبدیلی کی نقیب ثابت ہوگی۔جناب عامر علی خان نے کہا کہ حالانکہ وہ عالم دین تو نہیں ہیں تاہم جتنی ان کی دینی فہم ہے اس کے مطابق وہ مسلمانوں کو تلقین کرتے ہیں کہ وہ سورہ فیل اور سورہ نصر کی ماہ رمضان المبارک میں تلاوت کو اپنا معمول بنالیں تاکہ کہ اللہ رب العزت کی فتح و نصرت مسلمانوں کو حاصل ہوسکے ۔3