ظہران ممدانی کا عربی زبان میں تارکین وطن و اقلیتوں سے اظہارِ یکجہتی

   

نیویارک، 6 نومبر (یو این آئی) نیویارک کے نو منتخب میئر ظہران ممدانی نے اپنی پہلی تقریر میں عربی زبان میں تارکین وطن سے اظہار یک جہتی کر کے سب کے دل جیت لیے ۔ گزشتہ روز ایشیائی نژاد زہران ممدانی نے امریکہ کے سب سے اہم شہروں میں سے ایک نیویارک کے پہلے مسلم اور بائیں بازو کے میئر منتخب ہو کر تاریخ رقم کردی۔ 34 سالہ نو منتخب میئر زہران ممدانی نے اپنی تقریر میں تارکین وطن کی تعریف کی اور اپنی جیت کا سہرا ان کے سر سجایا، انہوں نے عربی زبان میں ان سے اظہار یک جہتی بھی کیا۔ بروکلین پیراماؤنٹ تھیٹر میں اپنے پہلے خطاب میں انہوں نے کہا کہ یہ سب آپ کی وجہ سے ممکن ہوا ہے ، اس لیے سب سے پہلے آپ کا شکر گزار ہوں، نیویارک کی نسل نو کا شکریہ، اب سے ایک نئے عہد کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم آپ کے لیے جدوجہد کریں گے ، کیونکہ ہم آپ میں سے ہی ایک ہیں، جیسا کہ ہم اسٹین وے میں کہتے ہیں ‘انا منکم و علیکم’ (میں آپ میں سے ایک ہوں اور آپ کے لیے ہوں)۔

ظہران ممدانی کو میئر بننے سے روکنے کیلئے
26 ارب پتیوں نے کروڑوں ڈالر خرچ کیے
نیویارک،6 نومبر(یو این آئی) امریکی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ ظہران ممدانی کو نیویارک کا میئر بننے سے روکنے کے لیے 26 ارب پتیوں نے اپنے کروڑوں ڈالر خرچ کر ڈالے ۔ امریکی اخبار فوربز نے رپورٹ میں انکشاف کیا کہ ظہران ممدانی کو نیویارک کا میئر بننے سے روکنے کے لیے 26 ارب پتیوں نے زور لگایا اور اس مشن کے لیے انہوں نے کروڑوں ڈالر خرچ کیے ۔ امریکی اخبار فوربز نے رپورٹ میں انکشاف کیا کہ نیو یارک انتخاب میں 26 ارب پتیوں یا ارب پتی خاندانوں نے مجموعی طور پر 2 کروڑ 20 لاکھ ڈالر سے زائد رقم خرچ کی تاکہ ظہران ممدانی کو کامیابی سے روکا جا سکے جن کی پوزیشن تمام سرویز میں سب سے مستحکم تھی۔ رپورٹ کے مطابق سابق میئر مائیکل بلوم برگ نے ممدانی کے حریف اینڈریو کومو کو انتخابی مہم کے لیے مزید پندرہ لاکھ ڈالر دیے ۔ رپورٹ کے مطابق ظہران ممدانی کی انتخابی مہم کی صرف 2 ارب پتیوں ایلزبتھ سمنز اور گِٹ ہَب کے شریک بانی ٹام پریسٹن ورنرنے حمایت کی اور ان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ ظہران ممدانی کی انتخابی مہم کی ارب پتی ایلزبتھ سمنز اور گِٹ ہَب کے شریک بانی ٹام پریسٹن ورنر نے حمایت کی، ایلزبتھ سمنز نے ڈھائی لاکھ اور ٹام پریسٹن ورنر نے 20 ہزار ڈالر تک رقم عطیہ کی۔ ادھر نیویارک کے مال دار کاروباری افراد نے ظہران ممدانی کی جیت کے بعد محتاط حمایت کا اعلان کردیا، معروف ارب پتی اور ممدانی کے سخت ناقد بل ایکمین کا لہجہ بھی نرم پڑگیا اور انہوں نے ممدانی کو تعاون کی پیش کش کردی۔